
نئی دہلی، 08 جنوری (ہ س)۔ دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے کہا کہ دہلی اسمبلی میں آلودگی کے سنگین اور صحت عامہ کے مسئلے پر تفصیلی بحث کرنے کے لیے اسمبلی اجلاس میں مزید ایک دن کی توسیع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے سامنے اس کی حقیقتآنی چاہیے کہ گزشتہ حکومت نے 11 سال آلودگی کنٹرول کے نام پر کیا کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں ریاستی بی جے پی حکومت نے صرف 11 مہینوں میں ٹھوس قدم اٹھاتے ہوئے دہلی کو اب تک کے صاف ترین دن دیئے ہیں۔
آج اسمبلی کمپلیکس میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے سرسا نے کہا کہ عام آدمی پارٹی (آپ) حکومت گزشتہ 11 برسوں میں آلودگی کنٹرول کے محاذ پر پوری طرح ناکام رہی ہے۔ آج دہلی کو جن چیلنجوں کا سامنا ہے، وہ برسوں کی پالیسیوں کی ناکامیوں، کھوکھلے وعدوں اور ذمہ داری سے بچنے کی عادت کا نتیجہ ہے۔ ضروری ہے کہ اسمبلی میں آلودگی کی اصل وجوہات پر بحث کی جائے اور ایک مقررہ وقت میں ان کا حل تلاش کرنے جیسے پہلوؤں پر تبالہ خیال کیا جائے۔
سرسا نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن بحث میں حصہ لے کر اپنے خیالات پیش کرے گی اور حکومت کی بات بھی سنے گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اپوزیشن لیڈر آتشی گزشتہ دو دنوں سے ایوان سے غیر حاضر رہی ہیں، جب کہ وہ بار بار سوال اٹھاتی رہی ہیں کہ آلودگی پر بات کیوں نہیں ہو رہی ہے۔ جب بحث کا موقع تھا، تو وہ ایوان سے غیر حاضر تھیں۔ انہوں نے ان سے اور اپوزیشن کے تمام ایم ایل ایز پر زور دیا کہ وہ آلودگی کے اہم مسئلہ پر کل ہونے والی تفصیلی بحث میں حصہ لیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد