
نئی دہلی، 05 جنوری (ہ س)۔قومی کمیشن برائے اقلیتی تعلیمی ادارہ جات(این سی ایم ای آئی) کے ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر شاہد اختر نے آج مرکزی وزیر تعلیمجناب دھرمیندر پردھان سے نئی دہلی میں واقع ان کے دفترمیں ملاقات کی ، جس میں ہندوستان میں اقلیتی تعلیمی اداروں سے وابستہ اہم امور، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے امکانات پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ اس ملاقات میں اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری جناب وینیت جوشی، جوائنٹ سکریٹری شری پی کے بنرجی، جناب پروین پی نائر سمیت وزارت تعلیم کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے ساتھ قومی کمیشن برائے اقلیتی تعلیمی ادارہ جات (این سی ایم ای آئی) کے ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر شاہد اخترکے ساتھ ہوئی اس بات چیت کا مرکزی محور ملک بھر میں اقلیتی تعلیمی اداروں کا استحکام، انہیں بااختیار بنانا اور ان کی ہمہ جہت ترقی رہا۔ملاقات کے دوران قوم کی تعمیر میں اقلیتی تعلیمی اداروں کے اہم کردار پر بھی گہرا تبادلۂ خیال ہوا، بالخصوص شمولیاتی تعلیم کے فروغ، سماجی ہم آہنگی کے قیام اور مختلف طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنے میں ان اداروں کے تعاون کو نمایاں طور پر اجاگر کیا گیا۔ ایک تعلیم یافتہ، ہنرمند اور ہم آہنگ معاشرے کی تشکیل میں ان اداروں کے کردار کو سراہا گیا۔
مرکزی وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) کے مطابق اقلیتی تعلیمی اداروں کی بھرپور معاونت کے لیے حکومت ہند کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تعلیم کے معیار، رسائی اور بہتر حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل مکالمے، پالیسی سطح کے تعاون اور ادارہ جاتی اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر پروفیسر شاہد اختر نے مرکزی وزیر تعلیم کا خیرمقدم کیا اور اقلیتی تعلیم کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی رہنمائی اور مسلسل تعاون پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقلیتی تعلیمی اداروں کے آئینی حقوق کے تحفظ اور تعلیمی امتیاز کو فروغ دینے کے لیے وزارت تعلیم اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے تئیں این سی ایم ای آئی کے عزم کا اعادہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد