
نئی دہلی، 5 جنوری (ہ س)۔ مرکزی جل شکتی وزیر سی آر پاٹل نے پیر کو یہاں نمامی گنگے پروگرام کی 17ویں امپاورڈ ٹاسک فورس (ای ٹی ایف) میٹنگ میں آلودگی پر قابو پانے کے پانچ بڑے پروجیکٹوں کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کیا۔ میٹنگ میں گنگا کی صفائی کو تیز کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
جل شکتی کی وزارت کے مطابق، ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی، نکاسی آب کی نقشہ سازی، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی اسمارٹ نگرانی اور آلودگی پر قابو پانے کے منصوبوں پر پیش رفت کو اہم کامیابیوں کے طور پر اجاگر کیا گیا۔ میٹنگ میں انٹیگریٹڈ ڈرین مانیٹرنگ ڈیش بورڈ اور سی سی ٹی وی پر مبنی اسمارٹ ایس ٹی پی مانیٹرنگ سسٹم گنگا کی بحالی کے لیے ایک پائیدار اور مضبوط انتظامی فریم ورک بنانے میںکردار ادا کر نے پر بھی زور دیا گیا۔
وزیر پاٹل نے اس سال مکمل ہونے والے آلودگی پر قابو پانے کے 15 پروجیکٹوں کو گنگا کی بحالی کی طرف ایک اہم کامیابی قرار دیا۔ اتر پردیش نے چھ پروجیکٹوں کے ساتھ سب سے آگے رہتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا جب کہ بہار اور مغربی بنگال نے بالترتیب چار اور تین پروجیکٹ مکمل کیے۔ اتراکھنڈ اور دہلی نے ایک ایک پروجیکٹ مکمل کیا۔
میٹنگ میں تحقیق پر مبنی حل جیسے ٹریٹڈویسٹ واٹر کے دوبارہ استعمال، ایکویفر میپنگ، پیلیو چینل اسٹڈیز، بائیو میڈی ایشن اور سیوریج ٹریٹمنٹ کے جدید پروجیکٹسپر بھی زور دیا گیا ۔ پاٹل نے ریاستوں کو ہدایت دی کہ وہ قومی فریم ورک کے مطابق ٹریٹڈ پانی کے محفوظ دوبارہ استعمال کے لیے پالیسیوں کو تیزی سے مطلع کریں۔
اتر پردیش میں دریائے گنگا کے نکاسی آب کے نظام کے ڈرینج میپنگ اور جیوگرافک انفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس) پر مبنی ویژولائزیشن ڈیش بورڈ کے لیے کیے گئے فضائی سروے کا بھی میٹنگ میں جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں، پاٹل نے کہا کہ ہائی ریزولوشن فضائی سروے مکمل ہو چکے ہیں اور انہیں 2ڈی اور 3ڈی ویژولائزیشن کی صلاحیتوں کے ساتھ لائیو جی آئی ایس ڈیش بورڈ میں ضم کیا جا رہا ہے۔ یہ ڈیش بورڈ آلودگی کے ہاٹ اسپاٹ کی شناخت اور تدارک کے اقدامات کو ترجیح دینے میں مدد کرے گا۔
بااختیار ٹاسک فورس نے کلین گنگا مشن کے سالانہ کھاتوں کی منظوری دی اور مالی نظم و ضبط پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایس ٹی پی مانیٹرنگ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سی سی ٹی وی پر مبنی ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور اے آئی سے چلنے والے فیچر نکالنے کے نظام کو مربوط کرنے کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
میٹنگ میں ریاستی وزیر جل شکتی راج بھوشن چودھری، محکمہ آبی وسائل کے سکریٹری وی ایل کانتا راؤ، پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے کے سکریٹری اشوک کے کے مینا اور قومی مشن برائے کلین گنگا راجیو کمار متل نے شرکت کی۔ این ایم سی جی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نلین سریواستو، پروجیکٹ ڈائریکٹر برجیندرا سوروپ، اور تکنیکی ڈائریکٹر انوپ کمار سریواستو سمیت کئی اہم عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد