
اینٹی کرپشن بیورو نے رشوت ستانی کے معاملے میں چار ملازمین کو گرفتار کیا
جموں، 21 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے رشوت طلب کرنے اور قبول کرنے کے تین مختلف معاملات میں چار سرکاری ملازمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان میں ایک مقدمہ پولیس اسٹیشن اے سی بی ادھمپور جبکہ دو مقدمات پولیس اسٹیشن اے سی بی راجوری میں درج کیے گئے ہیں۔ اے سی بی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ بیورو کو ایک شکایت موصول ہوئی تھی جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ انل جموال، جونیئر اسسٹنٹ دفتر سپرنٹنڈنگ انجینئر پی ڈبلیو ڈی آر اینڈ بی ادھمپور اور جیت کمار، کمپیوٹر آپریٹر نے ٹھیکیدار کارڈ کے اجرا کے عوض شکایت کنندہ سے رشوت طلب کی۔ شکایت کنندہ نے رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے قانونی کارروائی کے لیے اے سی بی سے رجوع کیا۔
شکایت موصول ہونے کے بعد خفیہ تصدیق عمل میں لائی گئی، جس میں رشوت کے مطالبے کی تصدیق ہوئی۔ اس پر پولیس اسٹیشن اے سی بی ادھمپور میں ایف آئی آر نمبر 02/2026، دفعہ 7 انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 اور دفعہ 61(2) بی این ایس 2023 کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی۔ تفتیش کے دوران ڈی ایس پی رینک افسر کی سربراہی میں ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو 12 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے آزاد گواہوں کی موجودگی میں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی جبکہ رام نگر اور لڈن پاور ہاؤس ادھمپور میں مجسٹریٹ کی موجودگی میں تلاشی کارروائیاں انجام دی گئیں۔
ایک اور معاملے میں اے سی بی کو شکایت ملی کہ پولیس اسٹیشن مینڈھر میں تعینات اے ایس آئی زمرد منہاس نے شکایت کنندہ کو عبدالقیوم کی شکایت پر پولیس اسٹیشن طلب کیا۔ شکایت کنندہ نے رقم واپس کرنے کے لیے کچھ مہلت مانگی، جس پر عبدالقیوم نے رضامندی ظاہر کی، تاہم اے ایس آئی نے معاملہ نمٹانے کے عوض رشوت طلب کرنا شروع کر دی اور عدم ادائیگی کی صورت میں پی ایس اے کے تحت کارروائی کی دھمکی دی۔ شکایت کنندہ نے رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن اے سی بی راجوری میں تحریری شکایت درج کرائی، جس پر ایف آئی آر نمبر 01/2026 درج کرکے تفتیش شروع کی گئی۔
تفتیش کے دوران اے سی بی ٹیم نے اے ایس آئی زمرد منہاس کو 5 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں ملزم کے رہائشی مقامات مینڈھر، سرنکوٹ اور جموں میں تلاشی کارروائیاں بھی انجام دی گئیں۔
ایک تیسرے معاملے میں، اے سی بی راجوری کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں الزام لگایا گیا کہ پٹواری محمد رزاق، تعینات پٹوار حلقہ سوکر،پروڑی، کوٹرنکہ نے شکایت کنندہ کی تین بیٹیوں کے نام خسرہ گرداوری میں درج کرنے کے عوض رشوت طلب کی۔ شکایت کنندہ نے رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے اے سی بی سے رجوع کیا، جس پر پولیس اسٹیشن اے سی بی راجوری میں ایف آئی آر نمبر 02/2026 درج کرکے تفتیش شروع کی گئی۔
بعد ازاں اے سی بی ٹیم نے پٹواری محمد رزاق کو 10 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا اور اس کی رہائش گاہ پر بھی تلاشی کارروائی انجام دی گئی۔اے سی بی کے مطابق تینوں مقدمات میں مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر