
عالمی معاشی فورم کا اجلاس، وزیراعلی تلنگانہ سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ پہنچ گئے
حیدرآباد، 20 جنوری (ہ س)۔
تلنگانہ کو عالمی سطح پر ایک مضبوط معاشی قوت کے طور پر ابھارنے کے عزم کے ساتھ وزیر اعلی ریونت ریڈی منگل کے روز ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ پہنچ گئے۔ وہ وہاں عالمی معاشی فورم کے سالانہ اجلاس 2026 میں شرکت کریں گے۔ یہ دورہ تلنگانہ حکومت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد ریاست کو مستقبل کی سرمایہ کاری کے لئے ایک بہترین عالمی مرکز کے طور پر متعارف کروانا ہے۔
زیورخ ایئرپورٹ پر تلنگانہ تارکین وطن نے وزیر اعلیٰ کا والہانہ استقبال کیا۔ سوئٹزرلینڈ میں ہندوستان کے سفیر مردول کمار نے بھی ایئرپورٹ پر وزیر اعلیٰ کا خیرمقدم کیا اور ان سے ایک رسمی ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر پی سرینواس ریڈی اور اعلیٰ حکام موجود ہیں، جبکہ وزیر آئی ٹی ڈی سریدھر بابو پہلے ہی داوس پہنچ چکے ہیں۔ داوس میں چار روزہ قیام کے دوران، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی پہلے ہی دن مختلف شعبوں کے بڑے صنعت کاروں کے ساتھ سلسلہ وار ملاقاتیں کریں گے۔
اس دورہ کا سب سے اہم پہلو تلنگانہ رائزنگ2047 روڈ میپ کو عالمی سطح پر متعارف کروانا ہے۔ حکومت کا مقصد دسمبر میں جاری کردہ ویژن ڈاکومنٹ 2047′ کے تحت پائیدار سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور عالمی لیڈروں کے سامنے ریاست کی ترقی پسند پالیسیوں اور سرمایہ کار دوست ماحول کو اجاگر کرنا ہے۔ اس دورہ سے ریاست میں بڑے پیمانہ پر عالمی سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق