
جموں, 20 جنوری (ہ س)ڈوڈہ پولیس نے چوری کے واقعات کے خلاف جاری اپنی مہم کے تحت ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے محض ایک دن کے اندر چوری کا معاملہ حل کر لیا اور تقریباً ایک لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیس پوسٹ ضلع اسپتال (ڈی ایچ) ڈوڈہ میں داؤد احمد ڈار ولد ایاز احمد ڈار،ل سکنہ بڈگام، حال مقیم نگری ڈوڈہ نے تحریری شکایت درج کرائی کہ 17 جنوری کی دوپہر ان کی رہائش گاہ سے قیمتی اشیاء چوری ہو گئی ہیں۔
شکایت موصول ہوتے ہی پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پولیس پوسٹ ڈی ایچ ڈوڈہ میں متعلقہ دفعات 305/331(3) بی این ایس کے تحت ایف آئی آر نمبر 19/2026 درج کر کے تحقیقات شروع کیں۔
ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا کی ہدایت پر ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی، جس کی قیادت انچارج پولیس پوسٹ ڈی ایچ ڈوڈہ نے کی، جبکہ نگرانی ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ڈوڈہ اور ایس ایچ او پولیس اسٹیشن ڈوڈہ نے کی۔
تحقیقات کے دوران تکنیکی شواہد اور قابل اعتماد ذرائع کی مدد سے پولیس نے ملزم ارشد احمد ولد عبدالعزیز سکنہ بھبور ڈوڈہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کی نشاندہی پر چوری شدہ لینووو ٹیبلٹ اور آئی واچ الٹرا برآمد کی گئی، جن کی مجموعی مالیت تقریباً ایک لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر