
علی گڑھ، 20 جنوری (ہ س)۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن سے وابستہ پروفیسر سائرہ مہناز نے فاؤنڈیشن فار ایڈوانسمنٹ آف انٹرنیشنل میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (فائیمر)، امریکہ کی جانب سے دو سالہ باوقار فیلوشپ برائے ہیلتھ پروفیشنز ایجوکیشن کامیابی کے ساتھ مکمل کی۔ یہ فیلوشپ عین شمس یونیورسٹی، قاہرہ میں قائم عین شمس یونیورسٹی،مڈل ایسٹ نارتھ افریقہ،فائیمر ریجنل انسٹی ٹیوٹ کے توسط سے تھی جس کا محور تعلیمی قیادت، نصاب کی تیاری اور ہیلتھ پروفیشنز ایجوکیشن میں جدید تدریسی طریقہ کار رہا۔
پروفیسر مہناز کی یہ فیلوشپ جنوری 2024 سے جنوری 2026 تک جاری رہی۔ فیلوشپ کی تکمیل کے بعد پروفیسر مہناز کو پروگرام کے انسٹرکشن فیز کے دوران بطور شریک فیکلٹی اور مینٹور اپنی وابستگی برقرار رکھنے کی دعوت دی گئی ہے۔ اس حیثیت میں وہ میڈیکل ایجوکیشن ٹریننگ اور ویب پر مبنی تعلیمی سرگرمیوں میں خدمات انجام دیں گی۔
شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم نے پروفیسر مہناز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی شواہد پر مبنی اور اختراعی طبی تدریسی طریقوں کے فروغ میں بین الاقوامی تعلیمی اشتراک کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے اور عالمی سطح پر اے ایم یو کے لیے اعزاز کا باعث ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ