
علی گڑھ، 20 جنوری (ہ س)۔
اجمل خاں طبیہ کالج کے شعبہ علاج بالتدبیر کے زیرِ اہتمام’سروائیکل نرو پلیکسیز اور گردن کے درد کی تشخیص میں ان کے طبی اطلاقات‘کے موضوع پر جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، اے ایم یو کے شعبہ اناٹومی کے چیئرپرسن پروفیسر فضل الرحمٰن نے لیکچر دیا۔ شعبہ علاج بالتدبیر کے چیئرمین پروفیسر محمد انور نے مہمان مقرر کا خیرمقدم کرتے ہوئے حاضرین سے ان کا تعارف کرایا۔ اپنے خطاب میں پروفیسر فضل الرحمٰن نے گردن کے اعصابی جال کی بناوٹ (اناٹومی) پر روشنی ڈالی اور گردن کے درد کی وجوہات، تشخیص، علاج اور بچاؤ پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ آبادی کا ایک بڑا حصہ اپنی زندگی میں کم از کم ایک مرتبہ گردن کے درد کا سامنا کرتا ہے، بالخصوص دفتری کام کرنے والے افراد اور خواتین۔ انہوں نے تشخیصی طریقوں میں طبی معائنہ اور ایکس رے، ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین جیسی امیجنگ تکنیکوں کے ساتھ اعصابی ترسیلی مطالعات (نرو کنڈکشن اسٹڈیز) کا بھی ذکر کیا، نیز علاج کے لیے درست نشست و برخاست، ورزش اور معاون طریقہ علاج پر مبنی غیر جراحی طریقوں پر زور دیا، جبکہ پیچیدہ حالات میں جراحی کو آخری متبادل قرار دیا۔
اس موقع پر پروفیسر محمد انور، ڈاکٹر محمد سعد احمد خان، ڈاکٹر محمد محسن، چیئرمین شعبہ امراضِ جلد و زہراویہ سمیت مختلف کلینیکل شعبہ جات کے پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور انٹرن موجود رہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ