
کشمیری پنڈتوں کے بغیر کشمیر نامکمل۔ محبوبہ مفتی
لداخ، 20 جنوری (ہ س)۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے بغیر کشمیر نامکمل ہے اور وادی کے لوگ اُن کی باعزت واپسی کے منتظر ہیں۔ پی ڈی پی ہیڈکوارٹر گاندھی نگر جموں میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کو خود اپنے مستقبل سے متعلق فیصلہ کرنا چاہیے۔ ہم اُن کی واپسی کے بے حد خواہشمند ہیں کیونکہ کشمیری پنڈتوں کے بغیر وادی ادھوری ہے۔
وہ کشمیری پنڈتوں کے اس سوال کے جواب میں بات کر رہی تھیں جنہوں نے 16 جنوری کو جلاوطنی کے 36 سال مکمل ہونے پر اپنی واپسی اور بازآبادکاری کے مطالبے کو لے کر گزشتہ دو دنوں سے احتجاج کیا ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ حال ہی میں انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی تھی اور انہیں یہ تجویز دی کہ کشمیری پنڈت برادری کے لیے اسمبلی میں دو ارکان نامزد کرنے کے بجائے اُن نشستوں کو ریزرو کیا جانا زیادہ بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں واپس آنے دیا جائے، وہ انتخابات میں حصہ لیں، ووٹ مانگیں اور مسلمان اُنہیں ووٹ دیں۔ اسی طرح مختلف برادریاں ایک دوسرے کے قریب آئیں گی۔
پی ڈی پی صدر نے اسمبلی میں کسی ایسے شخص کو نامزد کرنے پر سوال اٹھایا جو ممبئی یا کسی اور مقام پر بیٹھا ہو، اور کہا کہ اس سے نہ تو برادری کی حقیقی نمائندگی ہوتی ہے اور نہ ہی انہیں کوئی عملی فائدہ پہنچتا ہے۔کشمیری پنڈت ہمارے بھائی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ وہ عزت و وقار کے ساتھ واپس آئیں اور ہمارے ساتھ مل جل کر رہیں تاکہ کشمیر مکمل ہو سکےسکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر