
تیرہ دن سے لاپتہ دونوں طالبات کا اب تک سراغ نہیں ملا، اہل خانہ پریشانبھاگلپور، 20 جنوری (ہ س)۔ ضلع کے بابر گنج تھانہ علاقے میں واقع سریو دیوی موہن لال گرلس ہائی اسکول کی 13 دنوں سے لاپتہ دسویں کلاس کی دونوں طالبات سوناکشی اور جیا کا اب تک پولیس کو سراغ نہیں مل پایا ہے۔ حالانکہ پولیس کو اسکول کے قریب کا سی سی ٹی وی فوٹیج ہاتھ لگا ہے جس میں سوناکشی اور جیا واضح طور پر اسکول میں داخل ہوتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ دونوں طالبات اسکول کے اوقات کے بعد باہر نکلتے ہوئے کہیں نظر نہیں آرہی ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اسکول کے اندر ایسا کیا ہوا کہ وہ باہر نظر نہیں آئیں۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیلیندر سنگھ اور سٹی ڈی ایس پی 2 راکیش کمار نے ذاتی طور پر اسکول کا دورہ کیا اور طالبات کے بھائیوں، دیگر طلبا اور ہیڈ ماسٹر محمد غلام مرتضیٰ سے تقریباً دو گھنٹے تک وسیع سوالات کئے۔ جیا کے بھائی اجول کی آواز غم سے لرز رہی ہے۔ وہ بتاتا ہے ہمیں نہیں معلوم کہ میری بہن کس حال میں ہے۔ میری ماں سارا دن روتی ہے۔ اس کی حالت خراب ہو رہی ہے۔ٗٗ اس دوران سوناکشی کے بھائی نے پولیس پر لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اگر پہلے دن سے مناسب تلاشی لی جاتی تو آج ان کی بہن گھر ہوتی۔ اس معاملے میں اسکول انتظامیہ بھی جانچ کی زد میں ہے۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ دونوں طالبات 8 جنوری کو اسکول نہیں آئی تھیں۔ حالانکہ اب سی سی ٹی وی فوٹیج نے اس دعوے کو بے نقاب کردیا ہے۔ ہیڈ ماسٹر کے جوابات بھی غیر واضح معلوم ہوتے ہیں۔ جب اس پورے معاملے کے بارے میں سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے دریافت کیا گیا تو ان کا ایک ہی جواب تھا کہ تفتیش جاری ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس واقعہ نے نہ صرف دو خاندانوں کی نیندیں اڑا دی ہیں بلکہ پورے شہر کو غوروفکر پر مجبور کر دیا ہے۔ جیسے جیسے دن گزرتے جا رہے ہیں، خاندان کی پریشانی بڑھتی جا رہی ہے۔ سڑک دیکھتے دیکھتے ماں کی آنکھیں تھک چکی ہیں اور گھر میں ہر لمحہ کسی ناخوشگوار واقعے کا خوف طاری رہتا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan