ایل جی نے آئس ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلو انڈیا ونٹر گیمز 2026 کے چھٹے ایڈیشن کا افتتاح کیا
ایل جی نے آئس ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلو انڈیا ونٹر گیمز 2026 کے چھٹے ایڈیشن کا افتتاح کیا لداخ، 20 جنوری (ہ س)۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے منگل کے روز لیہہ کے جدید این ڈی ایس آئس ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلو انڈیا ونٹر گیمز 2026 کے چھٹے ایڈیشن ک
Ice hockey


ایل جی نے آئس ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلو انڈیا ونٹر گیمز 2026 کے چھٹے ایڈیشن کا افتتاح کیا

لداخ، 20 جنوری (ہ س)۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے منگل کے روز لیہہ کے جدید این ڈی ایس آئس ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلو انڈیا ونٹر گیمز 2026 کے چھٹے ایڈیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع کو لداخ کے ونٹر اسپورٹس کے ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر ایک اور اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔ یہ مقابلے سات روز تک جاری رہیں گے اور 26 جنوری کو یومِ جمہوریہ کے موقع پر اختتام پذیر ہوں گے۔ سرکاری ترجمان کے مطابق ملک کی 19 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 1060 شرکاء، جن میں کھلاڑی، تکنیکی عہدیداران، معاون عملہ اور رضاکار شامل ہیں، مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بھارتی فوج اور انڈو تبتین بارڈر پولیس کی ٹیمیں بھی شریک ہیں۔

ان کھیلوں میں آئس ہاکی، اسپیڈ اسکیٹنگ اور پہلی مرتبہ فگر اسکیٹنگ کو شامل کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مسلسل تیسرے سال ان مقابلوں کی میزبانی لداخ کی صلاحیت، عزم اور بلند پہاڑی علاقوں میں بڑے کھیلوں کے انعقاد کی تیاری پر ملک کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلو انڈیا ونٹر گیمز نہ صرف ونٹر اسپورٹس کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ نوجوان صلاحیتوں کی نشوونما اور خطے میں مضبوط اسپورٹس ایکو سسٹم کی تشکیل میں بھی مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔ فگر اسکیٹنگ کی شمولیت کو انہوں نے بھارت میں ونٹر اسپورٹس کے ارتقا کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ مستقبل میں کرلنگ جیسے مزید کھیلوں کو شامل کرنے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔ انہوں نے عالمی معیار کے اسپورٹس انفراسٹرکچر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایس آئس ہاکی رِنک، گُپُک تالاب اور لداخ اسکاؤٹس ریجمنٹل سینٹر رِنک سمیت تمام مقامات کو مقابلوں کے لیے مکمل طور پر تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے این ڈی ایس اسٹیڈیم میں 53.58 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے چوبیس گھنٹے آئس ہاکی رِنک کو ایک نمایاں کامیابی قرار دیا اور کہا کہ کرگل میں ایک جدید آئس ہاکی رِنک کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے، جس سے یونین ٹیریٹری میں ونٹر اسپورٹس کے ڈھانچے کو مزید تقویت ملے گی۔

لیفٹیننٹ گورنر نے لداخ کی نئی جامع اسپورٹس پالیسی کا بھی حوالہ دیا، جس کا مقصد اسکول سطح پر ٹیلنٹ کی نشاندہی، خواتین اور معذور کھلاڑیوں کے لیے مساوی مواقع، اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے چار فیصد ملازمت ریزرویشن فراہم کرنا ہے۔ پالیسی میں اسکالرشپس، 100 کروڑ روپے تک کے نقد انعامات، ایکسی لینس سینٹرز، جدید تربیتی سہولیات اور اسپورٹس ٹورزم کے فروغ جیسے اقدامات بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیل اور سیاحت کے درمیان گہرا تعلق ہے اور کلائمیٹ کپ فٹبال، لداخ میراتھن اور کھیلو انڈیا ونٹر گیمز جیسے بڑے ایونٹس روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ لداخ کو عالمی سطح پر متعارف کراتے ہیں۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک کے اسپورٹس نظام میں انقلابی تبدیلی آئی ہے اور ونٹر اسپورٹس کو قومی فریم ورک میں شامل کرنا دور دراز اور بلند پہاڑی علاقوں میں کھیلوں کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی مسلسل سرپرستی سے لداخ کے نوجوانوں کو نئے مواقع اور اعتماد حاصل ہوا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande