
جموں, 20 جنوری (ہ س)۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون بھیم سین توتی نے اعلیٰ سطحی سیکورٹی رابطہ اجلاس میں یومِ جمہوریہ تقاریب کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے جامع منصوبہ بندی اور قریبی تال میل پر زور دیا ۔جموں میں یومِ جمہوریہ کی مرکزی تقریب ایم اے اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پرچم کشائی کریں گے اور سلامی لیں گے، جبکہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔
یومِ جمہوریہ کے سلسلے میں سیکورٹی اور رابطہ انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آئی جی پی نے پولیس کنٹرول روم (پی سی آر) جموں میں اجلاس کی صدارت کی، جس میں پولیس، فوج، مرکزی مسلح پولیس فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ترجمان کے مطابق اجلاس کا بنیادی مقصد جموں بھر میں یومِ جمہوریہ تقاریب کے پُرامن، محفوظ اور خوش اسلوبی سے انعقاد کو یقینی بنانا تھا۔ اجلاس کے دوران قانون و امن کی صورتحال، سیکورٹی انتظامات، ٹریفک نظم و نسق، مختلف ایجنسیوں کے درمیان تال میل اور تقریبات کے دوران شرکاء و تماشائیوں کی حفاظت سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھیم سین توتی نے تمام متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان مربوط منصوبہ بندی، قریبی تعاون اور بروقت معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اعلیٰ سطح کی چوکسی، مضبوط سیکورٹی انتظامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں و ایمرجنسی سروسز کی مکمل تیاری کو ناگزیر قرار دیا۔آئی جی پی نے ایس ایس پی جموں، ایس ایس پی ٹریفک سٹی اور تمام نگران افسران کو ہدایت دی کہ وہ مناسب پارکنگ انتظامات کو یقینی بنائیں، مؤثر ٹریفک نظم و نسق قائم رکھیں اور اپنے اپنے علاقوں میں سخت نگرانی برقرار رکھیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر