
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو بدھ کو داوس میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری پر مرکوز سیشن سے خطاب کریں گے
بھوپال، 20 جنوری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو بدھ، 21 جنوری کو سوئٹزرلینڈ کے شہر داوس میں ورلڈ اکنامک فورم میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری پر مرکوز سیشن سے خطاب کریں گے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ ریاست کی خصوصیات اور سرمایہ کاری کے امکانات کو عالمی پلیٹ فارم پر پیش کریں گے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے منگل کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ”وکاس بھی، وراست بھی“ (ترقی بھی، وراثت بھی) کے دور اندیش نقطہ نظر سے متاثر ہو کر مدھیہ پردیش نے سیاحت کو جامع اور پائیدار ترقی کے مضبوط ذریعہ کے طور پر تیار کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں حال کے برسوں میں ریاست میں 13.30 کروڑ سے زیادہ سیاحوں کی آمد درج کی گئی ہے، جو مدھیہ پردیش کے تئیں بڑھتے قومی اور بین الاقوامی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روحانی سیاحت مدھیہ پردیش کی اہم شناخت کے طور پر قائم ہوئی ہے۔ اجین میں واقع شری مہاکالیشور مندر میں 6.5 کروڑ سے زیادہ عقیدت مندوں کی آمد ہو چکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کھجوراہو، سانچی، اورچھا، مہیشور، امرکنٹک اور چترکوٹ جیسے تاریخی اور مذہبی مقامات ملک و بیرون ملک کے سیاحوں کے لیے اہم کشش کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سیاحتی پالیسی-2025 اور فلم ٹورزم پالیسی-2025 کے ذریعے سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کی تخلیق اور پائیدار سیاحتی ترقی کو نئی سمت دی گئی ہے۔ فلم ٹورزم پالیسی-2025 کے تحت مدھیہ پردیش قومی اور بین الاقوامی فلم سازی کے لیے ایک پسندیدہ ’ڈیسٹی نیشن‘ کے طور پر ابھر رہا ہے، جس سے مقامی فنکاروں، ٹیکنیشنوں اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیہی سیاحت کو بااختیار بنانے کے مقصد سے ریاست کے 81 گاؤں میں 370 سے زیادہ ’ہوم اسٹے‘ تیار کیے گئے ہیں، جنہیں 1000 تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ یہ پہل دیہی معیشت کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی برادریوں کو براہ راست آمدنی اور روزگار فراہم کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاحتی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لیے ’پی ایم شری ٹورازم وایو سیوا‘ کے تحت بھوپال، اندور، جبل پور، اجین، گوالیار، ریوا، سنگرولی اور کھجوراہو کو ہوائی رابطے سے جوڑا گیا ہے۔ ساتھ ہی ’پی ایم شری ٹورازم ہیلی سیوا‘ کے ذریعے سیاحوں کو تیز، محفوظ اور آسان سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”بیسٹ ٹورازم اسٹیٹ آف دی ایئر“ سمیت 18 قومی ایوارڈ، یونیسکو کی ٹینٹیٹو لسٹ میں ریاست کے 4 ورثہ مقامات کا شامل ہونا اور ملک کی 69 یونیسکو ورثوں میں سے 15 کا مدھیہ پردیش میں واقع ہونا ریاست کی عالمی سیاحتی صلاحیت اور وقار کو مستحکم کرتا ہے۔ مدھیہ پردیش آج سیاحت، روایت اور ترقی کے سنگم کے ساتھ عالمی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کے استقبال کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن