
علی گڑھ،20 جنوری (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وَن یو پی انجینئرنگ کمپنی، این سی سی نے 63 انجینئر رجمنٹ، میرٹھ چھاؤنی میں 4 تا 15 جنوری 2026 این سی سی آرمی اٹیچمنٹ کیمپ کا انعقاد کیا، جس میں اے ایم یو کے 18 کیڈٹس نے شرکت کی۔ کیمپ کے دوران کیڈٹس کو ہندوستانی فوج کے کور آف انجینئرز کے کام کاج، تربیتی معیارات اور عملی کردار کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں۔ وَن یو پی انجینئرنگ کمپنی، این سی سی کے کمانڈنگ آفیسر کرنل ڈی دھدھوال نے کیڈٹس سے تربیت کے دوران ملاقات کی اور آئندہ کیمپوں کو مزید معلوماتی اور مؤثر بنانے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا۔ وَن یو پی انجینئرنگ کمپنی، این سی سی،اے ایم یو کے کیئر ٹیکنگ آفیسر جناب محمد عمران، اسسٹنٹ پروفیسر، ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی اور جناب محمد دانش، اسسٹنٹ پروفیسر، یونیورسٹی پولی ٹیکنک، اے ایم یو نے پوری تربیت کے دوران کیڈٹس کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔
تربیتی پروگرام کے تحت کیڈٹس کو ملٹری پلوں کی مختلف اقسام سے متعارف کرایا گیا، جن میں ان کی تکنیکی خصوصیات، تعمیر کے مقاصد اور عملی اہمیت کی تفصیلی وضاحت کی گئی۔ کیڈٹس نے آئی ای ڈی ماڈل روم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں دھماکہ خیز ڈیوائس میں استعمال ہونے والے مختلف سینسرز کے بارے میں بتایا گیا۔ اس کے علاوہ بارودی سرنگوں کا تعارف کرایا گیا، جس میں مختلف اقسام کی بارودی سرنگوں کے تکنیکی کوائف کے ساتھ ساتھ عملی طور پر بارودی سرنگیں ناکارہ بنانے کی تربیت دی گئی۔
کیمپ میں ڈرون ٹریننگ بھی شامل تھی، جس کے دوران کیڈٹس کو ڈرون ہینڈلنگ اور بنیادی عملی طریقہ کار سے واقف کرایا گیا۔ کیڈٹس کو اسلحہ کی تربیت بھی دی گئی، جس میں ایل ایم جی، انساس اور سی ایم جی جیسے ہتھیاروں کو کھولنے، جوڑنے، تکنیکی معلومات اور فائرنگ پوزیشن کے بارے میں بتایا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ