ہماچل میں برفباری کے بعد سردی کی لہر میں شدت، پانچ شہروں میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری تک گر گیا
شملہ، 2 جنوری (ہ س)۔ ہماچل پردیش کے اونچے علاقوں میں تازہ برف باری اور نچلے علاقوں میں بارش نے ریاست بھر میں شدید سردی کو بڑھا دیا ہے۔ پہاڑوں سے میدانی علاقوں تک سردی کی لہر شدت اختیار کر گئی ہے۔ سردی کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو رہے ہیں او
ہماچل


شملہ، 2 جنوری (ہ س)۔ ہماچل پردیش کے اونچے علاقوں میں تازہ برف باری اور نچلے علاقوں میں بارش نے ریاست بھر میں شدید سردی کو بڑھا دیا ہے۔ پہاڑوں سے میدانی علاقوں تک سردی کی لہر شدت اختیار کر گئی ہے۔ سردی کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو رہے ہیں اور لوگوں کو صبح اور شام کے اوقات میں بڑھتی ہوئی تکلیف کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے پانچ شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت صفر سے نیچے چلا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں برف باری کی وجہ سے ریاست کے اوسط کم سے کم درجہ حرارت میں تقریباً ایک ڈگری سیلسیس کی کمی ہوئی ہے۔ سب سے زیادہ سردی لاہول سپتی، کنور اور شملہ اضلاع کے کچھ حصوں میں ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہول سپتی ضلع کا تابو ریاست کا سب سے سرد مقام تھا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اسی ضلع کے کوکمسیری میں پارہ منفی 6.2 ڈگری رہا۔ کنور کے کلپا میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری، شملہ ضلع کے نرکنڈہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 ڈگری اور کفری میں منفی 0.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

دیگر شہروں میں بھی درجہ حرارت میں کمی دیکھی گئی۔ راجدھانی شملہ میں کم از کم درجہ حرارت 3.2 ڈگری سیلسیس کے ساتھ موسم کی سرد ترین رات رہی۔ منالی میں پارہ 2.3 ڈگری، پالم پور میں 2 ڈگری، سولن میں 3 ڈگری، کانگڑا میں 2.5 ڈگری اور ہمیر پور میں 4 ڈگری رہا۔ سندر نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.1 ڈگری، بھونتر میں 4 ڈگری، جبرہٹی میں 4.6 ڈگری اور باجواڑہ میں 4.9 ڈگری رہا۔ اس کے علاوہ دھرم شالہ میں 8.6 ڈگری، منڈی میں 8.2 ڈگری، اونا میں 8 ڈگری، بلاس پور میں 8 ڈگری، ناہن میں 6.5 ڈگری، نیری میں 5.3 ڈگری اور ریکانگ پیو میں کم سے کم درجہ حرارت 1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

ریاست کے اونچے علاقوں میں برفباری کے حوالے سے، لاہول سپتی کے کوکسار میں تقریباً 10 سینٹی میٹر اور شملہ ضلع کے شیلارو میں تقریباً 2 سنٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی۔ جوٹ، کفری، کیلونگ اور نارکنڈہ میں بھی ہلکی برفباری ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے ریاست میں 5 جنوری تک موسم صاف رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران زیریں اور میدانی علاقوں میں گھنی دھند کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاست کے اونچے پہاڑی علاقوں میں 6 جنوری کو دوبارہ برف باری متوقع ہے، جبکہ 7 اور 8 جنوری کو موسم صاف رہنے کی توقع ہے۔

آج ریاست کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف رہا۔ شملہ اور آس پاس کے علاقوں میں دھوپ تھی جس سے کچھ راحت ملی۔ تاہم نشیبی علاقوں میں دھند چھائی رہی۔ دھند کی وجہ سے سندر نگر میں حد نگاہ 70 میٹر، پاونٹا صاحب میں 200 میٹر اور منڈی میں 800 میٹر رہ گئی۔ محکمہ موسمیات نے سردی اور دھند کے پیش نظر لوگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande