
روہتاس،19جنوری(ہ س)۔ بہارمیں گرینڈ کارڈ ریلوے سیکشن ان دنوں اسمگلروں کے لیے محفوظ علاقہ بنتا جا رہا ہے۔ تازہ ترین واقعہ سہسرام ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں کالکا سے ہوڑہ جارہی نیتاجی ایکسپریس ٹرین کے جنرل کوچ میںلاوارث حالت میں 11 بوریوں میں بند 311 کچھوے برآمد کیا گیا ہے۔ اس کے بعد آر پی ایف کی ٹیم نے انہیں محکمہ جنگلات کے حوالے کر دیا۔
در اصل آر پی ایف نے جنگلی حیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں سہسرام ریلوے اسٹیشن پر کچھوؤں کی کھیپ کو ضبط کیا۔ یہ کارروائی ایک خفیہ اطلاع پر کی گئی کہ اسمگلر غیر قانونی طور پر کچھوؤں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جا رہے ہیں۔
آر پی ایف انسپکٹر سنجیو کمار نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ کالکا سے ہواڑہ جارہی کالکا میل ٹرین کے جنرل کوچ میں بڑی تعداد میں کچھوؤں کی اسمگلنگ کی جارہی ہے۔ اطلاع ملنے پر آر پی ایف کی ٹیم کو چوکنا کردیا گیا، اور جیسے ہی ٹرین سہسرام اسٹیشن پر پہنچی، مکمل تلاشی مہم شروع کردی گئی۔
آر پی ایف انسپکٹر نے بتایا کہ جیسے ہی کالکا میل سہسرام اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر پہنچی، آر پی ایف کی ٹیم نے جنرل ڈبے کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران سیٹوں کے نیچے چھپائی گئی 11 بوریوں نے شک کو جنم دیا۔ جب ان بوریوں کو اتار کر کھولاگیا تو اندر سے زندہ کچھوے برآمد ہوئے۔ مجموعی طور پر 311 زندہ کچھوے برآمد ہوئے جن کی مالیت 3 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
آر پی ایف انسپکٹر سنجیو کمار نے بتایا کہ کچھوؤں کو انتہائی غیر انسانی طریقے سے بوریوں میں بھرا گیا تھا، جس سے اس کی جان کو خطرہ تھا۔ فوری طور پر محکمہ جنگلات کو اطلاع دی گئی۔ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تمام کچھوؤں کو اپنے قبضے میں لے لیا اور ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی۔
محکمہ جنگلات کی ٹیم کے ذریعہ گنتی اور ابتدائی جانچ کے بعد انہیں محفوظ مقام پر لے جایا گیا جہاں مزید کارروائی اور تحفظ کی کوششیں شروع کی جائیں گی۔ فی الحال اس بات کا تعین کرنے کی کوششیں جاری ہیں کہ کچھوؤں کو کہاں سے لایا گیا تھا اور انہیں کہاں لے جایا جانا تھا۔ اسمگلروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔
آر پی ایف اور محکمہ جنگلات کی اس مشترکہ کارروائی سے ایک بار پھر جنگلی حیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔ ریلوے کے ذریعے اس طرح کی غیر قانونی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے سیکیورٹی ادارے مسلسل چوکس ہیں۔ آر پی ایف نے مسافروں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر وہ اس قسم کی کوئی مشتبہ سرگرمی دیکھیں تو فوری طور پر ریلوے پروٹیکشن فورس یا انتظامیہ کو مطلع کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan