
جموں، 19 جنوری (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے پیر کے روز کشمیری پنڈتوں کی بازآبادکاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی واپسی وادیٔ کشمیر کی خوبصورتی اور ہم آہنگی کی بحالی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے دیرینہ موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ ہمیشہ اس بات پر زور دیتے آئے ہیں کہ اگر کشمیری پنڈتوں کی جموں و کشمیر میں بازآبادکاری ہوتی ہے تو کشمیر کی خوبصورتی اور بھائی چارہ ایک بار پھر لوٹ آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی اخوت اور باہمی ہم آہنگی کی بحالی کے لیے کشمیری پنڈتوں کی واپسی ناگزیر ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ کے مطابق کشمیری پنڈت برادری کے بغیر کشمیر کی شناخت اور خوبصورتی ادھوری ہے۔سریندر چودھری نے مزید کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی واپسی سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور وہ مہمان نوازی دوبارہ زندہ ہوگی جس کے لیے کشمیر پورے ملک میں جانا جاتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت اس سمت میں جلد ٹھوس اقدامات کرے گی تاکہ کشمیری پنڈتوں کی وادی میں جلد واپسی ممکن ہو سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر