
اے ایم یو میں طالبات کے لئے جذباتی صحت پر مبنی خصوصی سیشن کا اہتمام
علی گڑھ، 19 جنوری (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سروجنی نائیڈو ہال نے طلبہ کاؤنسلنگ سینٹر (ایس سی سی) کے اشتراک سے طالبات کی جذباتی و ذہنی صحت کے لئے”آپ اکیلے نہیں ہیں“ کے عنوان سے ایک انٹریکٹیو سیشن کا اہتمام کیا۔ اس کا مقصد جذباتی فلاح و بہبود کے بارے میں آگہی پیدا کرنا، مدد حاصل کرنے کے رجحان کی حوصلہ افزائی کرنا اور طالبات کو یہ یقین دلانا تھا کہ اے ایم یو میں دستیاب نفسیاتی معاونتی نظام قابل رسائی اور طلبہ پر مرکوز ہے۔
پروفیسر عروس الیاس، پرووسٹ، سروجنی نائیڈو ہال نے اپنے خطاب میں طالبات کی ہمہ جہت نشوونما کے تئیں ہال کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ جذباتی طور پر باخبر رہیں، اپنی ذات سے ہمدردی کا رویہ رکھیں اور خصوصاً دباؤ اور کمزوری کے وقت دوسروں کے تئیں بھی ہمدردی کا مظاہرہ کریں۔
طلبہ کاؤنسلنگ سینٹر کی کوآرڈنیٹر ڈاکٹر نشید امتیاز نے تعلیمی اداروں میں ذہنی صحت سے متعلق بیداری کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نفسیاتی دباؤ کی بروقت شناخت کو اہم قرار دیا اور کاؤنسلنگ کے سلسلہ میں شرمندگی کے رویے کے خاتمے پر زور دیا، ساتھ ہی طالبات کو دستیاب پیشہ ورانہ معاونت کا یقین دلایا۔ مکالمے میں طالبات نے کثیر تعداد میں حصہ لیا۔ اس دوران ڈاکٹر ایشا رحمان نے کاؤنسلنگ کو ایک محفوظ، غیر جانبدار اور باہمی تعاون پر مبنی عمل قرار دیا، جبکہ ڈاکٹر حنا پروین نے ادراکی تنظیم نو اور منفی خیالات کو سنبھالنے کے مختلف جہات پر گفتگو کی۔ ڈاکٹر سلمیٰ کنیز نے مشکل مراحل میں زندگی کی حرمت، خودی کی قدر اور ثابت قدمی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اختتامی نشست میں ڈاکٹر ایشا رحمان اور ڈاکٹر سارہ جاوید نے مائنڈفل نیس، گراؤنڈنگ تکنیک اور گبرش میڈیٹیشن جیسے تصورات کی وضاحت کی، جس سے شرکاء خود کو پرسکون اور جذباتی طور پر مستحکم کرنے کے بارے میں سمجھنے اور جاننے کا موقع ملا۔ بعد ازاں کئی طالبات نے انفرادی کاؤنسلنگ سیشنز کے لیے بھی رجوع کیا۔ پروگرام میں ہال کے وارڈنز ڈاکٹر کلیم، مس ایمن، مس وریشہ اور مس نازیہ سمیت عملے کے دیگر اراکین نے بھی شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ