
مالیگاوں ( ناسک) ، 19 جنوری (ہ س)۔ مالیگاؤں تعلقہ میں واقع مالیگاؤں منماڑ روڈ پر پیر کی صبح ایک بڑا حادثہ پیش آیا جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ صبح 3 بجے کے قریب ورہانے گاؤں کے پاس نجی بس اور پک اپ ٹرک کے درمیان ہونے والی آمنے سامنے کی ٹکر میں چار افراد جانبحق ہوگئے، جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے۔ حادثے میں 20 سے زائد مسافروں کو معمولی چوٹیں بھی آئیں۔اطلاعات کے مطابق، پونے سے روانہ ہونے والی نجی بس مالیگاؤں کی طرف جا رہی تھی، اسی دوران سامنے سے آنے والا پک اپ ٹرک بس سے ٹکرا گیا۔ تصادم کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پک اپ ٹرک بس کے اگلے حصے میں پھنس گیا اور بس کا سامنے والا حصہ مکمل طور پر چکنا چور ہو گیا۔حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں نے بھی فوری طور پر مدد کا کام شروع کیا اور بس کے اندر پھنسے مسافروں کو باہر نکالا گیا۔ ریسکیو کارروائی میں کافی وقت لگا۔تمام زخمیوں کو فوری طور پر مالیگاؤں جنرل اسپتال لے جایا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے جائے حادثہ کا معائنہ کر کے ابتدائی پنچنامہ کیا ہے اور حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اس حادثے کے سبب کچھ وقت کے لیے مالیگاؤں منماڑ شاہراہ پر ٹریفک مکمل طور پر متاثر رہی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے