
ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات : دونوں این سی پی گروپس مشترکہ طور پر لڑیں گےممبئی، 17 جنوری (ہ س)۔ مہاراشٹر میں بلدیاتی انتخابات میں متوقع کامیابی نہ ملنے کے بعد نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے دونوں دھڑوں نے ریاست کے دیہی سیاسی منظرنامے میں ایک ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کے روز اعلان کیا گیا کہ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے آئندہ انتخابات دونوں این سی پی گروپس مشترکہ طور پر لڑیں گے۔اس فیصلے سے قبل نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے پونے ضلع کے گووند باغ میں این سی پی (شرد پوار گروپ) کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس ملاقات میں ریاستی سیاست کی سمت اور دیہی انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ملاقات میں شرد پوار گروپ کے ریاستی صدر ششی کانت شندے، سابق وزرا جینت پاٹل اور راجیش ٹوپے، سابق وزیر تعاون ہرش وردھن پاٹل، رکن پارلیمنٹ امول کولہے اور رکن اسمبلی روہت پوار بھی شریک تھے۔ اجلاس کے بعد اجیت پوار نے سپریا سُلے سے بھی علیحدہ ملاقات کی، جس پر انہوں نے باضابطہ تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ششی کانت شندے نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات مل کر لڑنے کے بارے میں ابتدائی گفتگو مکمل ہو چکی ہے اور کارکنوں کی بھی یہی خواہش ہے۔ ان کے مطابق شرد پوار نے پہلے ہی بلدیاتی انتخابات سے قبل کارکنوں کو اتحاد کے بارے میں رائے دینے کی آزادی دی تھی۔روہت پوار نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن انتخابات میں اگرچہ کئی جگہ دونوں این سی پی دھڑے ایک ساتھ میدان میں اترے تھے، مگر فیصلہ تاخیر سے ہونے کے سبب مطلوبہ فائدہ نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ اس بار دیہی انتخابات کے لیے اتحاد بروقت اور منظم انداز میں کیا جائے گا، جس کے مثبت نتائج سامنے آنے کی امید ہے۔ہندوستھان سماچار--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے