پولیس انٹیلیجنس ایجنسیاں دہشت گردوں کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیں گی ۔چیف سکریٹری
جموں, 16 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اٹل ڈلو نے کہا ہے کہ سرحد پار سے دشمن عناصر اور دیگر شرپسند طاقتیں خطے میں بدامنی پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گی، تاہم زمینی سطح پر سیکورٹی فورسز کی تیاری مضبوط ہے اور تمام ایجنسیاں پوری طرح
Atal duloo


جموں, 16 جنوری (ہ س)۔

جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اٹل ڈلو نے کہا ہے کہ سرحد پار سے دشمن عناصر اور دیگر شرپسند طاقتیں خطے میں بدامنی پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گی، تاہم زمینی سطح پر سیکورٹی فورسز کی تیاری مضبوط ہے اور تمام ایجنسیاں پوری طرح الرٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دراندازی کی کوششیں، موسمی حالات اور دشوار گزار جغرافیہ جیسے کئی چیلنجز موجود ہیں، جن سے دشمن عناصر فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اور اس کے حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس اچانک حملوں کے ذریعے صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

چیف سکریٹری نے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج، نیم فوجی دستے، جموں و کشمیر پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ہر سازش کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

اٹل ڈلو نے 2025 کی سیکورٹی صورتحال کو مجموعی طور پر قابو میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلگام میں پیش آئے ایک بڑے واقعے کو چھوڑ کر سال بھر حالات بہتر رہے، جو سیکورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ سال 22 اپریل کو پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے میں زیادہ تر سیاحوں سمیت 26 افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں سیکورٹی فورسز کی واضح بالادستی رہی اور آپریشن مہادیو سمیت کئی اہم کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں، جبکہ دہلی حملے میں ملوث ایک نیٹ ورک کو بھی بے نقاب کیا گیا۔

مرکزی وزیر داخلہ اور مرکزی داخلہ سکریٹری کی صدارت میں ہونے والے حالیہ سیکورٹی جائزہ اجلاسوں کے بارے میں چیف سکریٹری نے کہا کہ ایسے اجلاس باقاعدگی سے ہوتے رہتے ہیں، جن میں صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کے چیلنجز کے پیش نظر حکمت عملی ترتیب دی جاتی ہے۔

سال 2026 میں ممکنہ خطرات پر بات کرتے ہوئے اٹل ڈلو نے کہا کہ دشمن عناصر کی کوششیں جاری رہیں گی، تاہم سیکورٹی فورسز کی مضبوط حکمت عملی کے باعث دہشت گردوں کو کسی بھی محاذ پر کامیابی نہیں ملے گی۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے ڈرون کے ذریعے اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ کو ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوج، بی ایس ایف، پولیس اور دیگر ادارے ان کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں۔ منشیات کی اسمگلنگ، جو دہشت گردی کی مالی معاونت کے لیے استعمال ہوتی ہے،اُس کو بھی سختی سے روکا جا رہا ہے۔

چیف سکریٹری کے مطابق جموں و کشمیر میں دہشت گرد تنظیموں میں بھرتی اب نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ پتھراؤ اور ہڑتال جیسے واقعات بھی تقریباً ختم ہو چکے ہیں اور ایسے عناصر کو عوامی حمایت حاصل نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ عوام تیزی سے دہشت گردی کے ماحول سے دور ہو رہے ہیں اور امن و امان کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ڈلو نے یقین دلایا کہ پولیس، سیکورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیاں خطے میں امن و سکون برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح مستعد ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande