

نئی دہلی، 14 جنوری (ہ س)۔ دولت مشترکہ کے پارلیمنٹ اسپیکر اور پریزائیڈنگ افسران کے 28ویں اجلاس سے قبل لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کینیا، مالدیپ، ٹرینیڈاڈ اور ٹوبیگو اور سیشلز کے پارلیمانی نمائندوں سے ملاقات کرکے باہمی تعلقات اور پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ سوشل میڈیا پر ان ملاقاتوں کی تفصیلات کا اشتراک کرتے ہوئے، انہوں نے ہندوستان کے تاریخی، ثقافتی اور جمہوری تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے مستقبل میں ان ممالک کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کے عزم کااعادہ کیا۔
اوم برلا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کینیا کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر موسیس ماسیکا ویٹانگولا کے ساتھ اپنی ملاقات کی معلومات کا اشتراک کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ گرمجوشی سے گفتگو ہوئی۔ ہندوستان اور کینیا کے درمیان مشترکہ تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے مہاتما گاندھی کے افریقہ کے قیام اور کینیا میں گجراتی کمیونٹی کے تعاون کے بارے میں ہوئی بات چیت کا تذکرہ کیا۔ برلا نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اب ایک کثیر جہتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں، جس میں اعلیٰ سطح کے دورے، تجارت اور سرمایہ کاری اور عوامی تعلقات شامل ہیں۔
ایک اور پوسٹ میں، برلا نے مالدیپ پیپلز مجلس کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران، ہندوستان اور مالدیپ کے دیرینہ تعلقات کو مشترکہ جمہوری اقدار اور باہمی احترام پر مبنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے عبداللہ کے ساتھ دفاع، سیکورٹی، بنیادی ڈھانچے اور کمیونٹی کی ترقی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ ہندوستانی پارلیمنٹ اپنی اے آئی سے چلنے والی اختراعات، کثیر لسانی بروقت ترجمے کا نظام اور ڈیجیٹل پارلیمانی عمل کے تجربے کو مالدیپ کے ساتھ مشترک کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایک اور پوسٹ میں، برلا نے ٹرینیڈاڈ اور ٹوبیگو کے ایوان نمائندگان کے اسپیکر جگ دیو سنگھ کے ساتھ اپنی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات اور اعلیٰ سطحی تبادلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ادویات کے شعبے میں شراکت داری بڑھانے، نئے بازار کھولنے اور تجارت کی توسیع پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کرکٹ کے ذریعہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے برائن لارا کی جانب سے دستخط شدہ سوانح عمری کے تحفے کو ایک خاص یادگار قرار دیا۔
ایک اور پوسٹ میں، انہوں نے سیشلز کی قومی اسمبلی کی اسپیکر ازریل ارنیسٹا کے ساتھ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں پہلی خاتون صدر بننے کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ارنیسٹا نے ہندوستان کی سماجی، تکنیکی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی تعریف کی۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو یہاں دولت مشترکہ ممالک کی پارلیمنٹ کے اسپیکروں اور پریزائیڈنگ افسران کی 28ویں کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ یہ تقریب پارلیمنٹ ہاو¿س کمپلیکس میں واقع ایوانِ دستور کے سینٹرل ہال میں منعقد ہوگی اور اس کی صدارت اوم برلا کریں گے۔ دولت مشترکہ کے 42 ممالک اور چار نیم خودمختار پارلیمانوں کے کل 61 اسپیکر اور پریزائیڈنگ افسران اس میں شرکت کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد