
تین بچوں کے ساتھ ماں نے کھایا زہر، پانچ سالہ بیٹے کی موتبکسر، 14 جنوری (ہ س)۔ بہار کے بکسر ضلع میں راج پور تھانہ علاقہ کے راسین گاؤں میں جتیندر چودھری کی بیوی روبی دیوی (30) نے اپنے تین بچوں کے ساتھ زہر کھا لیا۔ واقعہ کے دوران پانچ سالہ بیٹے ارجن کی موت ہو گئی۔موصولہ اطلاع کے مطابق گھر کے دیگر افراد کے ساتھ جھگڑے کے بعد روبی دیوی نے اپنے چھ سالہ بیٹے کرن کمار، تین سالہ بیٹی رادھا کماری اور پانچ سالہ بیٹے ارجن کو زہر دے کر خود بھی زہر کھا لیا۔زہر نے اثر کیا تو بچے رونے لگے اور کراہنے لگے۔ گھر والوں نے انہیں فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سنٹر راج پور میں داخل کرایا۔ وہاں سے انہیں بہتر علاج کے لیے صدر اسپتال بکسر ریفر کیا گیا۔ وہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے ارجن کو مردہ قرار دے دیا۔ باقی دو بچے کرن کمار اور رادھا کماری کی حالت نازک ہے اور انہیں پٹنہ ریفر کر دیا گیا ہے۔روبی دیوی کا صدر اسپتال بکسر میں علاج چل رہا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گاؤں والوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ پولیس نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔ تھانہ انچارج نواس کمار نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور فی الحال کاغذی کارروائی میں مصروف ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan