
نئی دہلی،14جنوری(ہ س)۔فیکلٹی آف لا،جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی نے این اے ایل ایس سے کے زیراہتمام ساوتھ ایسٹ ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی(ڈی ایل ایس اے) ساکیت کورٹس کمپلیکس کے اشتراک سے ’پروہیبیشن آف چائلڈ میریج ایکٹ(پی سی ایم اے) اور فری لیگل سروسز کے موضوع وزارت برائے خواتین و اطفال بہبود کے حصے کے طورپراین اے ایل ایس اے اسکیم آشا(اویرنیس،سپورٹ اینڈ ایکشن) کے تحت ’بال ویواہ مکت بھارت کے سو دن‘ کے عنوان سے ایک بیداری پروگرام منعقد کیا۔
پروگرام کا آغاز فیکلٹی آف لا کے ڈین ڈاکٹر غلام یزدانی کی افتتاحی تقریر سے ہوا جس میں انہوں نے بچپن کی شادی جیسے سماجی مسائل کے حل میں قانونی تعلیم اور قانونی بیداری کے اہم رول پر زور دیا۔انہوں نے سماجی اصلاح اور حاشیے پر رہ رہی برادریوں کے لیے انصاف تک رسائی کو یقینی بنانے اور سماجی اصلاح کے سلسلے میں تعاون دینے کے لیے قانون کے طلبہ اور تعلیمی اداروں کی ذمہ داری کو اجاگر کیا۔اس کے بعد معزز مہمانان نے اجلاس کی کاروائی کو آگے بڑھایا۔محترمہ پرینکا رائینا،لیگل ایڈ کونسل،ساو¿تھ ایسٹ دہلی لیگل سروسز اتھارٹی نے قانونی خدمات اتھارٹی کے کام کاج کے رول کی وضاحت اور ہندوستان میں مفت قانونی مدد کی اہمیت کے سلسلے میں جامع اور پر مغز گفتگو کی۔انہو ں نے امتناعی، حفاظتی اور اصلاحی میکانزم سمیت پروہیبیشن آف چائلڈ میریج ایکٹ دوہزار چھ کی مختلف شقوں کی وضاحت کی اور بچپن کی شادی سے متعلق معاملات کو حل کرنے،روکنے اور تشخیص میں مفت قانونی خدمات کی اہمیت نشان زد کی۔ان کی تقریر نے قانون کے عملی پہلوو¿ں کے سلسلے میں بچوں میں حساسیت بخشی کا کام کیا اور بچوں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ میں قانونی مدد کی اہمیت اجاگر کی۔اس کے بعد مذاکراتی سیشن ہوا جس میں محترمہ پرینکا رائینا نے شرکا کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کا جامع انداز میں جواب دیا۔اجلاس میں طلبہ، رسرچ اسکالرز نے پرجوش اور بامعنی انداز میں شرکت کی اور بچپن کی شادی اور مفت قانونی خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں ادارہ جاتی فریم ورک، قانونی اقدامات اور عملی مشکلات سے متعلق منظم اور بصیرت افروز گفتگو ہوئی۔بی۔اے۔ایل ایل بی کے سال سوم کے طلبہ محترمہ خوشی انور اور جناب محمد شاغل انصاری نے پروگرام کی نظامت کے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیے۔رسمی اظہار تشکر پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ڈین،فیکلٹی آف لا ڈاکٹر غلام یزدانی، چیف پرواکٹر اور لیگل ایڈ کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر اسد ملک کی رہنمائی و نگرانی اور بھرپورتعاون کا پروگرام کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر علیشہ خاتون نے شکریہ ادا کیا۔ ڈین نے اظہار سپاس او رعہد کے لیے معزز مہمانان کی خدمت میں ترقی و خوش حالی،ذمہ داری اور بچپن کی شادی سے پاک معاشرے کی امید کی علامت کے طورپر سبزہ پیش کیا۔قانونی بیداری،سماجی انصاف اور برادری مرکوز قانونی تعلیم کے تئیں فیکلٹی آف لا،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے عہد کا اعادہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais