ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر اور لداخ کے طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کی
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر اور لداخ کے طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کی جموں، 12 جنوری (ہ س)۔ مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر جموں و کشمیر اور لداخ کے طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کیا اور تبادلۂ خیال کیا۔ یہ
Dr jatinder


ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر اور لداخ کے طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کی

جموں، 12 جنوری (ہ س)۔ مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر جموں و کشمیر اور لداخ کے طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کیا اور تبادلۂ خیال کیا۔ یہ طلبہ ’وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2026‘ میں شرکت کے لیے قومی دارالحکومت آئے ہوئے ہیں۔ یہ ملاقات خوشگوار اور غیر رسمی ماحول میں منعقد ہوئی، جس کے دوران وزیر موصوف نے نوجوان شرکاء کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ بھی دیا۔ اس وفد میں جموں و کشمیر سے 52 جبکہ لداخ سے 31 نوجوان شامل ہیں، جو وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل کے تحت ایم وائی بھارت کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے نیشنل یوتھ فیسٹیول وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2026 میں حصہ لے رہے ہیں۔

بات چیت کے دوران ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہر شریک سے انفرادی طور پر ملاقات کی اور ان کے تعلیمی پس منظر، امنگوں اور قومی سطح کے اس پروگرام میں انجام دی جانے والی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی لی۔ انہوں نے نوجوانوں کی وکست بھارت چیلنج ٹریک اور ثقافتی و اختراعی ٹریک میں شرکت پر تبادلۂ خیال کیا اور انہیں اس قومی پلیٹ فارم سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔

یہ قومی پروگرام 10 سے 12 جنوری 2026 تک نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں جاری ہے، جس کا اختتام 12 جنوری کو ہوگا۔ اسی روز نوجوانوں کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کا موقع بھی حاصل ہوگا۔ نیشنل یوتھ فیسٹیول ہر سال سوامی وویکانند کی یومِ پیدائش کی یاد میں منعقد کیا جاتا ہے، جسے 12 جنوری کو قومی یومِ نوجوانان کے طور پر منایا جاتا ہے۔

نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ بھارت کا مستقبل نوجوانوں کی توانائی، جدت اور قیادت پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ محض ایک تہوار نہیں بلکہ قوم کی تعمیر کا ایک مضبوط پلیٹ فارم ہے جہاں خیالات، تخلیقی صلاحیت اور قیادت یکجا ہوتی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان ترقی کے صرف مستفیدین نہیں بلکہ بھارت کو 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے سفر میں فعال شراکت دار اور تخلیق کار ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے قومی یکجہتی اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ جیسے خطوں کے نوجوان ملک کے سماجی اور ثقافتی تانے بانے کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس فیسٹیول کے ذریعے ملک بھر کے ہم عمر نوجوانوں سے روابط قائم کریں، بھارت کے تنوع کو سراہیں اور اختراع، حکمرانی، ثقافت اور سماجی ترقی جیسے شعبوں میں نوجوانوں کی قیادت میں حل پیش کریں۔

آخر میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یقین ظاہر کیا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے نوجوان قومی سطح کے اس پلیٹ فارم پر اپنے خطوں کی شاندار نمائندگی کریں گے اور ایک بھارت، شریشٹھ بھارت اور وکست بھارت کے تبدیلی پسند وژن کے سفیر بن کر واپس لوٹیں گے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande