
نئی دہلی، 10 جنوری (ہ س)۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے ہفتہ کو کہا کہ ہندوستان اشاعتی صنعت میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے۔ ڈیجیٹل دور میں، کتابیں انسان کی سب سے بڑی دوست ہیں اور نئی دہلی عالمی کتاب میلہ علم، نظریات اور ثقافت کا ایک مہاکمبھ بن گیا ہے۔
پردھان نےبھارت منڈپم میں 10 سے 18 جنوری تک منعقد ہونے والے 53 ویں نئی دہلی عالمی کتاب میلے کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ میلے میں 35 سے زائد ممالک کے ایک ہزار سے زائد ناشر شرکت کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی تین ہزار سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں اور 600 سے زائد ادبی و ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ عالمی کتاب میلے میں داخلہ عام لوگوں کے لیے مکمل طور پر مفت رکھا گیا ہے، جس سے لاکھوں قارئین، طلبہ اور اہل خانہ بغیر کسی فیس کے میلے میں شرکت کر سکتے ہیں۔
وزیر تعلیم پردھان نے کہا کہ اس سال میلے کا تھیم ’’ہندوستان کی فوجی تاریخ - بہادری اور حکمت @75 رکھا گیا ہے۔ یہ موضوع آزادی کے گزشتہ 75 برسوں میں ہندوستانی مسلح افواج کی ہمت، قربانی اور قوم کی تعمیر میں شراکت کو وقف ہے۔ تھیم پویلین میں فوجی تاریخ پر 500 سے زیادہ کتابیں، ایک ماڈل نمائش، 1971 کی جنگ اور کارگل کے تنازعے پر بحث و مباحثے اور جنگی ہیروز کے ساتھ مکالمے پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شری مد بھگود گیتا میں علم کو سب سے مقدس قرار دیا گیا ہے۔ یہ میلہ خیالات کے تبادلے اور مکالمے کا جشن ہے۔ یہ تقریب کتابوں کے ساتھ ساتھ حب الوطنی کے جذبے کو تقویت دیتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عالمی کتاب میلہ روزانہ صبح 11 بجے سے رات 8 بجے تک کھلا رہے گا۔ داخلہ گیٹ 10 (متھرا روڈ، براہ راست پرگتی میدان میٹرو اسٹیشن سے منسلک)، گیٹ 3 اور 4 (بھیروں روڈ)، اور گیٹ 6 (متھرا روڈ) پر دستیاب ہوگا۔ بھارت منڈپم کے احاطے میں بیسمنٹ اور اوپن پارکنگ لاٹوں میں پارکنگ دستیاب ہے،جس میں بھیروں روڈ کے قریب بیسمنٹ پارکنگ لاٹسبی 1 اور bi 2 بیسمنٹ شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد