پولیس نے پاکستان میں مقیم ہینڈلر اور لانچ کمانڈر رفیق نائی کی جائیداد ضبط کی
جموں, یکم جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس نے سرحد پار سے سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف ایک فیصلہ کن اور سخت کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشت گرد تنظیم کے پاکستان میں مقیم ہینڈلر اور لانچ کمانڈر رفیق نائی عرف سلطان کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر ل
Terror


جموں, یکم جنوری (ہ س)۔

جموں و کشمیر پولیس نے سرحد پار سے سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف ایک فیصلہ کن اور سخت کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشت گرد تنظیم کے پاکستان میں مقیم ہینڈلر اور لانچ کمانڈر رفیق نائی عرف سلطان کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ہے۔ یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی پولیس اسٹیشن گورسی، ضلع پونچھ میں درج ایف آئی آر نمبر 194/2024 کے سلسلے میں کی گئی۔ ضبط کی گئی جائیداد میں چار مرلہ اور دو سرسائی زرعی اراضی شامل ہے، جو تحصیل مینڈھر کے نکہ مجہاری علاقہ میں واقع گاؤں نار میں واقع ہے۔

پولیس کے مطابق یہ جائیداد رفیق نائی عرف سلطان ولد محمد افصر کی ملکیت ہے، جو مذکورہ علاقہ کا باشندہ ہے اور اس وقت پاکستان میں بیٹھ کر کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک المجاہدین ، جموں کشمیر غزنوی فورس کے لیے ہینڈلر اور لانچ کمانڈر کے طور پر کام کر رہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ رفیق نائی عرف سلطان منشیات اور اسلحہ اسمگلنگ کی نگرانی، تربیت یافتہ دہشت گردوں کی دراندازی میں سہولت کاری اور پونچھ-راجوری سیکٹر میں دہشت گرد سرگرمیوں کی بحالی میں سرگرم طور پر ملوث ہے۔ اسے ’نامزد دہشت گرد ‘ قرار دیا جا چکا ہے اور وہ متعدد سنگین فوجداری مقدمات میں مطلوب ہے۔

پولیس کے مطابق اس کے خلاف مختلف پولیس تھانوں میں قتل، اقدامِ قتل، سازش، ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور یو اے پی اے کے تحت کئی مقدمات درج ہیں، جن میں 2003 سے 2024 تک کے متعدد ایف آئی آرز شامل ہیں۔

یہ جائیداد پولیس اسٹیشن مینڈھر اور محکمہ مال کی مشترکہ ٹیم نے تمام قانونی تقاضے، تصدیق، دستاویزات کی تکمیل اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد ضبط کی۔ ضبط شدہ جائیداد کی مارکیٹ قیمت تقریباً دس لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی دہشت گرد نیٹ ورکس کے مالی، لاجسٹک اور معاون ڈھانچے کو توڑنے کی ایک وسیع اور مسلسل حکمتِ عملی کا حصہ ہے، تاکہ ملک مخالف اور دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو ان کے وسائل سے محروم کیا جا سکے۔ضلع پولیس پونچھ نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی اور ملک کی سلامتی و خودمختاری کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث تمام عناصر کے خلاف قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی، تاکہ خطے میں امن، عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande