
نئی دہلی، 5 دسمبر (ہ س)۔جنوب مشرقی دہلی کے حضرت نظام الدین علاقے میں ایک نوجوان کے قتل کے معاملے میں پولیس نے تین نابالغوں سمیت چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ مقتول کی لاش بارہ پلہ فلائی اوور کے نیچے سے ملی تھی۔ پولیس نے مقتول کی کار، خون آلود کپڑے اور جرم میں استعمال ہونے والا چاقو برآمد کر لیا ہے۔
جنوب مشرقی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈاکٹر ہیمنت تیواری نے جمعہ کو بتایا کہ 3 دسمبر کی صبح پی سی آر کو ایک کال موصول ہوئی کہ حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن کے قریب بارہ پلہ فلائی اوور کے نیچے ایک نوجوان کی لاش پڑی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔ مرنے والے کی شناخت کلدیپ عرف رام سنگھ (27) کے طور پر کی گئی ہے، جو اصل میں ایودھیا، اتر پردیش کے جوریام گاؤں کا رہنے والا تھا۔ تھانہ حضرت نظام الدین پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے کہا کہ معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ضلع کے اسپیشل اسٹاف، اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف)، نارکوٹکس اسکواڈ اور سرائے کالے خان چوکی کی ایک مشترکہ ٹیم کو تعینات کیا گیا۔ ٹیم نے آس پاس کے علاقے سے 500 سے زیادہ سی سی ٹی وی فوٹیج کودیکھا۔ اس دوران، بھوگل میں جین مندر کے قریب ایک بیت الخلا سے سی سی ٹی وی فوٹیج برآمد ہوئی، جس میں چار مشتبہ افراد مقتول سے بحث کرتے ہوئے نظر آئے۔
فوٹیج اور تکنیکی نگرانی کے ذریعے ملزمان کی شناخت کی گئی۔ مرکزی ملزم عمران عرف پنواڑی (19) اور اس کے تین نابالغ ساتھیوں کو بعد میں گرفتار کر لیا گیا۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ عمران اس سے قبل بھی چھینا جھپٹی اور چوری کی تین وارداتوں میں ملوث تھا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزم نے چونکا دینے والے انکشافات کئے۔ انہوں نے بتایا کہ سالگرہ منانے کے بعد چاروں انڈیا گیٹ کی طرف جا رہے تھے۔ اس دوران بھوگل کے قریب ایک بیت الخلا کے باہر متوفی کی ان کہا-سنی ہوگئی۔ غصے اور نشے کی حالت میں ملزمان نے مقتول کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا اور پھر کار لے کر فرار ہو گئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد