ڈی آئی جی نے کٹرا میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
جموں, 31 دسمبر (ہ س)۔ ادھم پور ریاسی رینج کی ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سارہ رضوی نے کٹرا کا دورہ کر کے 31 دسمبر اور نئے سال کی تقریبات کے پیش نظر سیکورٹی اور ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ملک و بیرونِ ملک سے یاتریوں کی بڑی تعداد کی آمد
DIG


جموں, 31 دسمبر (ہ س)۔ ادھم پور ریاسی رینج کی ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سارہ رضوی نے کٹرا کا دورہ کر کے 31 دسمبر اور نئے سال کی تقریبات کے پیش نظر سیکورٹی اور ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ملک و بیرونِ ملک سے یاتریوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔ڈی آئی جی کے ہمراہ ایس ایس پی ریاسی کے علاوہ دیگر سنئیر افسران موجود تھے۔دورے کے دوران ڈی آئی جی نے کٹرا اور اس کے اطراف قائم تمام ناکہ اور چیکنگ پوائنٹس کا معائنہ کیا اور موقع پر تعینات پولیس اہلکاروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے سخت چیکنگ، مستعد نگرانی اور یاتری دوست رویہ اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رش کے دوران یاتریوں کی حفاظت اور آمد و رفت کو ہموار بنانا اولین ترجیح ہے۔

ڈی آئی جی نے انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (آئی سی سی سی) کٹرا کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سینٹر کے کام کاج اور لائیو سرویلنس سسٹم کا جائزہ لیا۔ حکام نے بتایا کہ 564 سی سی ٹی وی کیمرے کٹرا قصبہ، شری ماتا ویشنو دیوی یاترا ٹریک اور دیگر حساس مقامات پر مسلسل لائیو نگرانی فراہم کر رہے ہیں۔ ڈی آئی جی نے آئی سی سی سی کے مؤثر استعمال، بروقت کارروائی اور ہجوم و ٹریفک کے بہتر نظم و نسق کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

ڈی آئی جی نے اس سے قبل شری ماتا ویشنو دیوی اسپرچوئل گروتھ سینٹر، کٹرا میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا اور یاتریوں کے لیے سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

زمینی سطح پر صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈی آئی جی نے ٹکٹ کاؤنٹر نمبر دو، بس اسٹینڈ کٹرا، ورون چوک، فاؤنٹین چوک اور ایشیا چوک سمیت اہم مقامات پر پیدل گشت کیا، جہاں انہوں نے ٹریفک کی روانی اور ہجوم کی نقل و حرکت کا مشاہدہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ملک کے مختلف حصوں سے آئے یاتریوں سے ملاقات کر کے شری ماتا ویشنو دیوی کے درشن کے لیے کیے گئے انتظامات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

ڈی آئی جی نے مختلف ناکہ پوائنٹس پر تعینات سی آر پی ایف اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور سیکورٹی برقرار رکھنے اور یاتریوں کی مدد میں ان کے کردار کی ستائش کی۔اس دورے کے ذریعے پولیس اور سیکورٹی فورسز کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نئے سال کے دوران مضبوط سیکورٹی، مؤثر ہجوم کنٹرول اور بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande