
سرینگر، 31 دسمبر، (ہ س )پولیس اسٹیشن گاندربل نے اسپیشل آپریشن گروپ گاندربل کے ساتھ مل کر بدھ کے روز گاندربل ضلع میں کی گئی ایک کارروائی کے دوران اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور نقد رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔حکام کے مطابق برآمدگی میں ایک چینی پستول، ایک میگزین، چار لائیو راؤنڈز اور دو دستی بم شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران 8.40 لاکھ روپے کی نقد رقم بھی ضبط کی گئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ برآمدگی دو افراد کے قبضے سے کی گئی جن کی شناخت بانگر محلہ حاجن بانڈی پورہ کے رہائشی غلام نبی میر اور شبنم نذیر شالباغ، گاندربل کے بطور کی گئی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزمان کو گاندربل میں گنڈ رحمان پل کے قریب زیر رجسٹریشن نمبر JK15B-7309 والے آٹو رکشا میں سفر کرتے ہوئے روکا گیا۔ تلاشی کے دوران معیاری قانونی طریقہ کار کے مطابق اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور نقدی برآمد کی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن گاندربل میں ایف آئی آر نمبر 204/2025 کے تحت غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کی دفعہ 13 اور انڈین آرمس ایکٹ کی دفعہ 7 اور 25 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ اسلحے، دھماکہ خیز مواد اور نقدی کے ماخذ کا پتہ لگانے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی یا مجرمانہ نیٹ ورکس کے ساتھ کسی بھی ممکنہ روابط کا تعین کرنے کے لیے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir