
نئی دہلی، 30 دسمبر (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو روسی صدارتی رہائش گاہ کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ زدہ صورتحال میں پرامن حل کے لیے سفارتی راستہ بہترین آپشن ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاو¿نٹ پر کہا کہ ’ہمیں روسی صدر کی رہائش گاہ کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات پر گہری تشویش ہے۔ جاری سفارتی کوششیں دشمنی کے خاتمے اور امن کے حصول کا بہترین راستہ ہیں۔ ہم تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان کوششوں پر توجہ مرکوز رکھیں اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جو ان کو نقصان پہنچا سکے۔‘وزیر اعظم کا بیان عالمی امن عمل کی حمایت کے لیے ہندوستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور سفارت کاری کے ذریعے اختلافات کو حل کریں۔
قابل ذکر ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری بین الاقوامی تنازع کے درمیان روس نے الزام لگایا ہے کہ یوکرین نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ کیا جسے روسی فضائی دفاع نے روک دیا۔ یوکرین نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan