
جموں, 29 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں آئندہ ایک ہفتے کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک اور ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم ایک کمزور مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث بعض مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔موسمی ماہرین کے مطابق 29 دسمبر کو بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ بالائی علاقوں، بالخصوص زوجیلا–دراس محور پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
وہیں30 دسمبر کو ایک تازہ مغربی ڈسٹربنس کے خطے میں داخل ہونے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں وادی کشمیر کے کئی حصوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برفباری ہو سکتی ہے۔ موسمی سرگرمی دوپہر کے بعد تیز ہونے اور رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اگر بارش یا برفباری کا سلسلہ رات بھر برقرار رہا تو بعض میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری کے امکانات تقریباً 40 فیصد تک ہو سکتے ہیں، تاہم میدانی علاقوں میں وسیع پیمانے پر برفباری کے واضح آثار نہیں ہیں۔31 دسمبر سے یکم جنوری تک جموں و کشمیر میں ابر آلود موسم برقرار رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔ اگرچہ یہ موسمی نظام کمزور بتایا جا رہا ہے اور میدانی علاقوں میں نمایاں برف جمع ہونے کا امکان کم ہے، تاہم درجہ حرارت میں معمولی کمی کے باعث بعض مقامات پر ہلکی برفباری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
دو جنوری سے 5 جنوری تک پورے خطے میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں کے مکینوں کو موسمی تبدیلی کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ مسافروں کو پہاڑی درّوں سے متعلق جاری ایڈوائزری پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر