
لندن، 29 دسمبر (ہ س)۔ مفرور للت مودی نے وجے مالیا کے ساتھ اپنی ایک ویڈیو شیئر کرنے پر پیر کو بھارتی حکومت سے معافی مانگ لی۔
مفرور للت مودی نے 22 دسمبر کو ایک ویڈیو اپ لوڈ کیا،جس میں وہ مفرور وجے مالیا کے ساتھ نظر آئے تھے۔ ویڈیو میں للت نے خود کو اور مالیا کو ہندوستان کے دو سب سے بڑے بھگوڑے کے طور پر بتایا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے نو دن بعد للت نے اب اس ویڈیو کے لیے معافی مانگ لی ہے۔ للت مودی نے 'ایکس' پوسٹ پر لکھا: اگر میرے بیان سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے، خاص طور پر ہندوستانی حکومت کے، تو میں معذرت خواہ ہوں۔ میرے بیان کا مقصد ایسا نہیں تھا جیسا اسے سمجھا گیا تھا۔ میں کسی غلط فہمی کے لیے دوبارہ معافی چاہتا ہوں۔
وجے مالیا 2016 سے برطانیہ میں ہیں اور 2019 میں باضابطہ طور پر انہیں مفرور معاشی مجرم قرار دیا گیا تھا۔ للت مودی 2010 سے برطانیہ میں رہ رہے ہیں اور ان پر ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ اور آئی پی ایل سے متعلق سنگین الزامات ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی