
نئی دہلی، 29 دسمبر (ہ س)۔ نئے سال کی شروعات سے پہلے دہلی-این سی آر میں دھند اور سردی کی شدت برقرار ہے۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی کے کئی علاقوں میں گھنی دھند کے باعث حدِ نگاہ کافی کم ہو گئی ہے۔ اس کا اثر اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بھی پڑا ہے، جہاں کچھ پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے۔ دھند اور سرد لہر کے سبب انڈیگو اور ایئر انڈیا ایئرلائنز نے سفری مشورے (ایڈوائزری) جاری کیے ہیں۔
انڈیگو اور ایئر انڈیا نے آج صبح جاری کردہ ایڈوائزری میں شمالی اور شمال مشرقی بھارت میں گھنی دھند کی وجہ سے پروازوں کے منسوخ ہونے اور تاخیر کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ دہلی ایئرپورٹ اتھارٹی نے صبح آٹھ بجے بتایا کہ خراب حدِ نگاہ کے باعث پروازوں کے آپریشن کے لیے کیٹ-3 پروسیجر فعال کر دیے گئے ہیں۔
انڈیگو ایئرلائن نے فضائی مسافروں کے لیے سفری ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج صبح دہلی اور شمالی بھارت کے کئی ہوائی اڈوں پر دھند کی صورتحال بنی ہوئی ہے۔ اگر کم حدِ نگاہ کی صورتحال برقرار رہتی ہے تو دن بڑھنے کے ساتھ پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے۔
’ایکس‘ پر جاری بیان میں انڈیگو نے کہا کہ ہم صورتحال پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں اور جہاں ضروری ہو، سفر کو زیادہ سے زیادہ ہموار رکھنے کے لیے آپریشنل ایڈجسٹمنٹ کر رہے ہیں۔ ایئرلائن نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے سے پہلے اپنی تازہ ترین فلائٹ اسٹیٹس چیک کر لیں: [http://bit.ly/3ZWAQXd](http://bit.ly/3ZWAQXd) ۔ چونکہ دھند کے باعث سڑک ٹریفک بھی متاثر ہو سکتا ہے، اس لیے اپنی سفر کی منصوبہ بندی میں تھوڑا اضافی وقت رکھیں تاکہ سفر زیادہ آرام دہ رہے۔
ایئرلائن نے مزید کہا کہ اگر آپ کی پرواز میں کوئی تبدیلی ہوتی ہے تو آپ کی رجسٹرڈ رابطہ تفصیلات اور ہمارے ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے بروقت معلومات فراہم کی جائیں گی۔ ہماری ٹیمیں الرٹ ہیں اور مدد کے لیے تیار ہیں، اور جیسے جیسے صورتحال بدلے گی ہم آپ کو آگاہ کرتے رہیں گے۔ امید ہے کہ جلد ہی آسمان صاف ہو جائے گا۔
ایئر انڈیا نے بھی ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ صبح کے موسم کے مطابق دہلی سمیت شمالی بھارت کے کچھ حصوں میں گھنی دھند اور کم حدِ نگاہ ہے، جس کے برقرار رہنے کا امکان ہے، اور اس سے پروازوں کے آپریشن پر اثر پڑ سکتا ہے۔ ہم نے رکاوٹوں کو کم سے کم کرنے کے لیے پہلے ہی اقدامات کر لیے ہیں (مزید معلومات کے لیے ملاحظہ کریں: [http://bit.ly/4agYVyF)۔](http://bit.ly/4agYVyF%29۔)
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد