
علی گڑھ, 28 دسمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اطلاقی ریاضی نے قومی یوم ریاضی کے موقع پر تعلیمی اور سماجی نوعیت کی متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیاجن کا مقصد طلبہ میں علوم ریاضی کے تئیں دلچسپی پیدا کرنا، تخلیقی صلاحیت اور منطقی سوچ کو فروغ دینا، نیز روزمرہ زندگی میں ریاضی کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ میتھ میم اور کامک مقابلہ، پزل کارنر سوڈوکو، اسپیڈ میتھ مقابلہ اور ’جسٹ اے منٹ‘ جیسے مقابلے منعقد کئے گئے جن میں سو سے زائدطلبہ نے حصہ لیا۔ ان مقابلوں کے ججوں کے پینل میں پروفیسر صبوحی خان، پروفیسر شمشاد حسین اور ڈاکٹر رفیق الدین تھے۔ پروفیسر ایم اے پٹھان نے ”سرینواس رامانوجن اور اعداد کے عجائبات“ موضوع پر خطاب کیا۔ تقریبات کا اختتام تقسیم انعامات کے ساتھ ہوا، جس میں پرنسپل ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی پروفیسر محمد مزمل اور ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی پروفیسر نثار احمد موجود تھے۔ انہوں نے طلبہ کوعلوم ریاضی میں اعلیٰ کارکردگی کی ترغیب دی۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر صبیحہ تبسم نے کی، جبکہ اظہار تشکر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے کیا۔ پروفیسر شمشاد حسین، پروفیسر قمر الزماں اور ڈاکٹر رفیق الدین پروگرام کے کنوینر تھے جب کہ ڈاکٹر غزالہ یاسمین، ڈاکٹر زبیر خان اور ڈاکٹر صبیحہ تبسم نے پروگرام کو مربوط کیا۔ شعبہ اطلاقی ریاضیات نے اپنی سماجی ذمہ داریوں کے تحت ایک آؤٹ ریچ پروگرام بھی منعقد کیا، جس میں اساتذہ اور طلبہ رضاکاروں نے روزیف فاؤنڈیشن کے زیر انتظام کنیز گلوبل اسکول، مولانا آزاد نگر میں کمزور طبقات کے طلبہ کی معاونت کی۔ یہ اقدام مکمل طور پر اساتذہ کے عطیات سے انجام دیا گیا، جس کے تحت 25 تعلیمی کٹ تقسیم کی گئیں، جن میں اسٹیشنری، جیومیٹری باکس، لنچ باکس اور پانی کی بوتلیں شامل تھیں، نیز طلبہ اور عملے کو کھانے کے پیکٹ بھی فراہم کیے گئے۔ اس موقع پر ایک ریاضی آگہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں ریاضی کے بنیادی تصورات سکھائے گئے اور ورک شیٹ تقسیم کی گئیں۔ شعبہ نے اساتذہ کی معاونت چیئرپرسن پروفیسر نبی اللہ خان کی رہنمائی اور طلبہ رضاکاروں کی شرکت پر اظہار تشکر کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ