
کٹھمنڈو، 27 دسمبر (ہ س)۔ نیتر وکرم چند ’وپلو‘ کی قیادت والی نیپال کمیونسٹ پارٹی (ماو نواز) کے ارگھاکھانچی ضلع میں واقع کمیون سے دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔
جمعہ کی رات تقریباً 10 بجے ارگھاکھانچی کی شت گنگا میونسپلٹی-11، بوکسے علاقے میں ضلع پولیس سربراہ ڈی ایس پی دیوس بہادر جی سی کی قیادت میں گشت کے دوران ایک مویشی خانے سے بندوق اور گرینیڈ سمیت کئی دھماکہ خیز اشیاء برآمد کی گئیں۔
برآمد ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد میں دو بندوقیں، 14 گرینیڈ، 12 ڈیٹونیٹر، لانچر جیسا دکھنے والا پائپ، 5 لیٹر کا ایک پریشر ککر بم، ایک اسٹیل بم، بجلی کے تار کے 4 بنڈل اور 50 کلو بارود شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق، دھماکہ خیز مواد کو ہفتہ علی الصبح نیپالی فوج کی مدد سے ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
وہیں، نیکپا ماو نواز کے ترجمان کھڑگ بہادر وشوکرما ’پرکانڈ‘ نے کمیون پر کی گئی اس کارروائی کو ’ریاستی دہشت‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ارگھاکھانچی کی شت گنگا میونسپلٹی-11 میں واقع پارٹی کے ذریعے چلائے جانے والے کمیون اور عام شہریوں کے گھروں پر چھاپے ماری کر دہشت پھیلائی گئی ہے۔
پارٹی کے ذریعے جاری بیان میں انہوں نے کہا، ”ایک طرف حکومت پرامن انتخابات کا ماحول بنانے کی تشہیر کر رہی ہے، وہیں دوسری طرف ماو نواز کے پیداواری مراکز اور عام عوام کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ریاست پرامن حل نہیں چاہتی، بلکہ ملک کو بدامنی کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے۔“
انہوں نے اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تفتیش کے لیے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن