
دگوجے سنگھ نے وزیر اعظم مودی کی پرانی تصویر شیئر کر کے سنگھ اور بی جے پی تنظیم کی تعریف کی
بھوپال، 27 دسمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما دگوجے سنگھ نے وزیر اعظم مودی کی پرانی تصویر شیئر کر کے سنگھ اور بی جے پی تنظیم کی تعریف کی ہے۔
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے خلاف اپنے بیانات کو لے کر اکثر سرخیوں میں رہنے والے مدھیہ پردیش کے کانگریس کے سینئر رہنما دگوجے سنگھ نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کر کے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر وزیراعظم نریندر مودی کی ایک پرانی تصویر پوسٹ کر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور بی جے پی تنظیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر سنگھ اور بی جے پی کی ’تنظیمی طاقت‘ کی مثال ہے۔
دگوجے سنگھ نے ہفتہ کو سوشل میڈیا ایکس پر ایک بلیک اینڈ وہائٹ تصویر شیئر کی ہے، جس میں وزیر اعظم مودی بی جے پی کے سینئر رہنما لال کرشن اڈوانی کے پاس زمین پر بیٹھے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی دگوجے سنگھ نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ آر ایس ایس کا زمینی سویم سیوک اور بی جے پی کا کارکن نیچے بیٹھ کر وزیر اعلیٰ اور پھر وزیر اعظم بنا اور یہی تنظیم کی طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے جے سیا رام بھی لکھا ہے۔
اس پوسٹ کے ذریعے دگوجے سنگھ نے بی جے پی اور اس کی نظریاتی تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے تنظیمی ڈھانچے کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ کس طرح زمینی سطح پر کام کرنے والا کارکن آگے بڑھ کر بڑے آئینی عہدوں تک پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تصویر انہیں کوورا پر ملی تھی۔ اسکرین شاٹ میں گجرات میں منعقد ایک پروگرام کے دوران اڈوانی کے پاس بیٹھے نوجوان نریندر مودی دکھائی دے رہے ہیں۔ دگوجے سنگھ کے مطابق، یہ تصویر تنظیم کے اندر کارکنوں کی ترقی کی کہانی بیان کرتی ہے۔
دگوجے سنگھ کا یہ ٹویٹ تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور سیاسی گلیاروں میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ اس پوسٹ کے ساتھ ہی انہوں نے راہل گاندھی کو ایک سبق بھی دیا ہے۔ دگوجے سنگھ نے اپنی پوسٹ کو لے کر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ میں نے تنظیم کی تعریف کی ہے۔ میں آر ایس ایس، مودی جی اور ان کی پالیسیوں کا سخت مخالف ہوں۔ جو مجھے کہنا تھا وہ میں نے کانگریس کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کہہ دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن