
تل ابیب، 27 دسمبر (ہ س)۔ اسرائیل نے جمہوریہ صومالی لینڈ کو آزاد ملک کے طور پر تسلیم کر لیا ہے۔ اسرائیل ایسا کرنے والا اقوام متحدہ (یو این) کا پہلا رکن ملک ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے جمعہ کو کہا کہ انہوں نے صومالی لینڈ کے صدر عبدالرحمٰن محمد عبداللہی کے ساتھ ورچوئل ذریعے سے ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے ہیں۔ صومالی لینڈ کو اسرائیل کی جانب سے تسلیم کیے جانے سے ترکیہ اور صومالیہ کو جھٹکا لگا ہے۔
صومالیہ سے سال 1991 میں الگ ہوئے صومالی لینڈ کافی وقت سے سفارتی شناخت کی کوششیں کرتا رہا ہے۔ حالانکہ اسے اب تک بہت کامیابی نہیں ملی تھی۔ جمعہ کو اسرائیل نے صومالی لینڈ کو پوری طرح سے تسلیم کیا ہے لیکن برطانیہ، یو اے ای، ڈنمارک، کینیا، تائیوان جیسے ملکوں سے غیر رسمی سفارتی تعلقات ہیں۔ دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق جمعہ کو اسرائیل جمہوریہ صومالی لینڈ کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔ یہ افریقی خطہ صومالیہ سے علیحدہ ہونے کے 3 دہائیوں سے زیادہ وقت بعد ہوا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو اور وزیر خارجہ گدون سار نے اعلامیہ پر دستخط کیے، جبکہ صومالی لینڈ کے صدر عبدالرحمٰن محمد عبداللہی نے اپنے ملک کی جانب سے دستخط کیے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے صومالی لینڈ کو اسرائیل کی جانب سے تسلیم کیے جانے کی جانکاری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم اقتصادی شعبوں، زراعت اور سماجی ترقی کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔“
صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے سے متعلق اعلان نے صومالیہ اور ترکیہ کو بے چین کر دیا ہے۔ صومالیہ کی وزارت خارجہ نے اسرائیل کے قدم کی مذمت کرتے ہوئے اسے اس کی خودمختاری پر کیا گیا حملہ قرار دیا۔ جبکہ ترکیہ نے اسے نیتن یاہو حکومت کی غیر قانونی کارروائیوں کی ایک نئی مثال بتایا، جس کا مقصد علاقائی اور عالمی دونوں سطحوں پر عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
صومالی لینڈ افریقہ کے ہارن علاقے میں واقع ایک اہم اسٹریٹجک خطہ ہے۔ صومالیہ سے علیحدہ ہو کر آزادانہ طور پر نظام حکومت سنبھال رہے اسے اب تک کسی نے آزاد ملک کی رسمی شناخت نہیں دی۔
حالانکہ آزاد صومالی لینڈ کا پس منظر پرانا ہے۔ 1960 میں کچھ وقت کے لیے یہ ایک آزاد ملک بنا اور اسرائیل سمیت کئی ملکوں نے اسے تسلیم کر لیا۔ لیکن بعد میں وہ صومالیہ کے ساتھ متحد ہو گیا۔ 1991 میں صومالیہ جب خانہ جنگی کی زد میں آیا تو صومالی لینڈ نے خود کو آزاد ملک قرار دے دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن