
وزیر اعظم مودی آج ’ویر بال دیوس‘ قومی تقریب سے خطاب کریں گے
نئی دہلی، 26 دسمبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج دوپہر نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں ویر بال دیوس کے موقع پر منعقد قومی پروگرام میں حصہ لیں گے۔ وزیر اعظم دوپہر تقریباً 12.15 بجے پروگرام سے خطاب کریں گے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے وزیر اعظم نریندر مودی کے آج کے اس پروگرام کی تصویری اطلاع اپنے مختلف سوشل میڈیا اکاونٹ پر شیئر کی ہے۔ سرکاری ریلیز میں ویر بال دیوس کی اہمیت کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
ریلیز کے مطابق، مرکزی حکومت کے زیر اہتمام آج ویر بال دیوس کے موقع پر ملک بھر میں کئی جگہ پروگرام ہوں گے۔ اس کا مقصد شری گرو گوبند سنگھ جی کے صاحبزادے بابا زور آور سنگھ جی اور بابا فتح سنگھ جی کی غیر معمولی ہمت اور عظیم قربانی کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرانا ہے۔ ساتھ ہی ہندوستانی تاریخ کے ان نوجوان ہیروز کی بے پناہ ہمت، قربانی اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کرنا اور یاد بھی کرنا ہے۔ پروگرام کے دوران وزیر اعظم راشٹریہ بال پرسکار فاتحین بھی موجود رہیں گے۔
سرکاری بیان کے مطابق، ان ہیروز پر مرکوز مختلف طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان میں کہانی اور کویتا پاٹھ (نظم خوانی)، پوسٹر سازی اور مضمون نگاری کے مقابلے شامل ہوں گے۔ یہ پروگرام اسکولوں، بچوں کی دیکھ بھال کے اداروں، آنگن واڑی مراکز اور دیگر تعلیمی اداروں اور مائی گو اور مائی بھارت پورٹل پر آن لائن ذریعے منعقد کیے جائیں گے۔ یاد رہے، وزیر اعظم نریندر مودی نے سال 2022 میں 9 جنوری کو شری گرو گوبند سنگھ جی کے پرکاش پرو کے موقع پر 26 دسمبر کو ’ویر بال دیوس‘ منانے کا اعلان کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن