
نالٹی ندی میں مچھلیاں مردہ پائی گئیں
جموں، 26 دسمبر (ہ س)۔ ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ میں واقع نالٹی ندی میں درجنوں مچھلی کے بچے مردہ حالت میں پائے گئے، جس سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق نامعلوم افراد نے غیر قانونی طور پر مچھلی پکڑنے کے لیے ندی کے پانی میں زہریلا پاؤڈر ملایا، جس کے باعث مچھلی کے بچوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکت واقع ہوئی۔
مقامی باشندوں نے محکمہ فشریز پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے نہ تو مؤثر گشت کیا جا رہا ہے اور نہ ہی زمینی سطح پر مناسب نگرانی، جس کے نتیجے میں اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیاں بلا روک ٹوک جاری ہیں۔
ادھر مقامی افراد نے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ، ہروِیندر سنگھ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور یہ واضح کیا جائے کہ محکمہ فشریز کی جانب سے مؤثر جانچ اور نگرانی کیوں نہیں ہو رہی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر