
ڈول ہستی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ اسٹیج دوم کو ماحولیاتی منظوری کی سفارش دی گئی
جموں، 26 دسمبر (ہ س)۔ مرکزی وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور ماحولیاتی تبدیلی کے تحت قائم ماہر تشخیصی کمیٹی (ای اے سی) نے ڈول ہستی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کے اسٹیج دوم کو ماحولیاتی منظوری دینے کی سفارش کر دی ہے، جسے توانائی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ای اے سی نے 19 دسمبر 2025 کو منعقدہ اپنی میٹنگ کے دوران 260 میگاواٹ کے ڈول ہستی اسٹیج دوم ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کے لیے ماحولیاتی کلیئرنس کی سفارش کی۔ یہ منصوبہ 390 میگاواٹ کے فعال ڈول ہستی اسٹیج اول کی توسیع ہے، جو 2007 میں کمیشن ہوا تھا اور تب سے مسلسل کامیابی کے ساتھ بجلی پیدا کر رہا ہے۔
ڈول ہستی اسٹیج دوم پروجیکٹ کو ضلع کشتواڑ میں دریائے چناب پر قائم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن (این ایچ پی سی) نے 3 جنوری 2021 کو حکومتِ جموں و کشمیر کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت یہ منصوبہ 40 برس کی مدت کے لیے بلڈ، اون، آپریٹ اور ٹرانسفر بنیادوں پر عمل میں لایا جائے گا۔
منصوبے کی مجموعی لاگت 3277.45 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ماحولیاتی تحفظ اور آلودگی پر قابو پانے کے لیے 4564.57 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو ماحولیاتی انتظامی منصوبے (ای ایم پی) کا حصہ ہوں گے۔
ماحولیاتی منظوری کی سفارش کرتے ہوئے ای اے سی نے واضح ہدایت دی ہے کہ منصوبے کی کمیشننگ کے پانچ برس بعد اس کے ماحولیاتی اثرات کا جامع جائزہ لیا جائے۔ کمیٹی کے مطابق یہ مطالعہ کسی آزاد اور معتبر ادارے کے ذریعے انجام دیا جائے گا، تاکہ منصوبے کے اثرات کا غیر جانبدارانہ تجزیہ ممکن ہو سکے۔
مزید ، ای اے سی نے این ایچ پی سی اور چناب ویلی پاور پروجیکٹس لمیٹڈ (سی وی پی پی ایل) کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی نامور سرکاری تحقیقی ادارے کے ذریعے دریائے چناب بیسن کے پائیدار ماحولیاتی انتظام کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی مرتب کریں۔ اس حکمتِ عملی میں ماحولیاتی بہاؤ کے سائنسی اصول، دریا کے قدرتی نظام اور تلچھٹ کے عمل کی بحالی، آبی اور کنارے کی حیاتیاتی تنوع کا تحفظ، مقامی آبادی کے روزگار اور سماجی خدشات، نیز دریائے ماروسدر کے انتظام کو چناب بیسن کے مجموعی فریم ورک میں شامل کرنے جیسے اہم پہلوؤں پر توجہ دی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر