
نئی دہلی، 25 دسمبر (ہ س)۔ صدر دروپدی مرمو، نائب صدر سی پی۔ رادھا کرشنن، اور وزیر اعظم نریندر مودی نے کرناٹک کے چتردرگ ضلع میں ہونے والے خوفناک سڑک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ حادثے میں کئی مسافروں کی موت ہو گئی، جب کہ کئی شدید زخمی ہو گئے۔ ایکس پر اپنے پیغام میں صدرجمہوریہ نے کہا کہ چتردرگ میں بس میں ہونے والی المناک آتشزدگی سے انہیں بہت دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
حادثے پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے نائب صدر نے ایکس پر کہا کہ وہ چتردرگ ضلع میں اس المناک سڑک حادثے میں اپنی جانیں گنوانے والوں کے خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
وزیر اعظم مودی نے مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم نے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے ہر مرنے والے کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50،000 روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
بنگلورو سے گوکرنا جانے والی ایک بس آج علی الصبح کرناٹک کے چتردرگ ضلع کے ہیریور تعلقہ کے گورلاہٹو گاؤں کے نزدیک نیشنل ہائی وے-48 پر ایک آنے والی لاری سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے بعد بس میں آگ لگ گئی اور وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد