
نئی دہلی، 25 دسمبر (ہ س):۔
صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعرات کو سنتالی زبان میں دستور ہند کا باقاعدہ آغاز کیا۔ آئین سنتالی زبان کے الچیکی رسم الخط میں شائع ہوا ہے۔
اس موقع پر راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرمو نے کہا کہ یہ سنتالی برادری کے لیے فخر اور خوشی کی بات ہے کہ ہندوستان کا آئین اب ان کی اپنی زبان اور رسم الخط میں دستیاب ہے۔ اس سے سنتالی بولنے والے لوگ آئین کو براہ راست پڑھنے اور سمجھنے کے قابل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی مادری زبان میں آئین کی روح اور اس کے آرٹیکلز کو سمجھنے کا موقع ملنے سے جمہوریت مزید مضبوط ہوتی ہے۔
صدر نے کہا کہ سال 2025 کو الچیکی رسم الخط کے صد سالہ سال کے طور پر منایا جا رہا ہے اور اتنے اہم سال میں الچیکی رسم الخط میں آئین کی اشاعت انتہائی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کے لیے مرکزی وزیر قانون و انصاف اور ان کی ٹیم کی ستائش کی۔
اپنے خطاب میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ اوڈیشہ، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، آسام اور بہار میں رہنے والے سنتالی کمیونٹی اب اپنی مادری زبان اور رسم الخط میں لکھے گئے آئین کے ذریعے اپنے حقوق اور فرائض کو بہتر طریقے سے سمجھ سکیں گے۔
نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور قانون و انصاف کے مرکزی وزیر مملکت ارجن رام میگھوال سمیت دیگر معززین تقریب میں موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ سنتالی زبان ہندوستان کی قدیم زندہ زبانوں میں سے ایک ہے۔ اسے آئین کے 92ویں ترمیمی ایکٹ، 2003 کے ذریعے آٹھویں شیڈول میں شامل کیا گیا تھا۔ یہ زبان بنیادی طور پر جھارکھنڈ، اوڈیشہ، مغربی بنگال اور بہار میں قبائلی برادریوں کی ایک بڑی تعداد بولتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ