
نئی دہلی، 25 دسمبر (ہ س)۔ سابق وزیر اعظم اور بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کے 101 ویں یوم پیدائش پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر نے آج صبح نئی دہلی کے وجے گھاٹ پر واقع ’سدیو اٹل‘ اسمارک پر حاضری دی اورانہیں گلہائے عقیدت نذر کئے۔لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر جے پی نڈا، بی جے پی کے قومی ایگزیکٹو صدر نتن نوین، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور دیگر نے بھی بی جے پی کے چوٹی کے رہنمارہے واجپئی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے ایکس پر ایک پوسٹ میںکہا کہ اٹل بہاری واجپئی ایک سیاستدان، شاعر اور اتحاد کی علامت تھے۔ ان کے الفاظ نے قوم کو متاثر کیااور ان کے وژن نے مستقبل کی تشکیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اٹل جی کی انمٹ میراث ان کی بات چیت، وقار اور لگن کے ذریعہ سماجی تبدیلی کی تعلیمات ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر کہا کہ اٹل بہاری واجپئی نے اپنی زندگی اچھی حکمرانی اور ملک کی تعمیر کے لیے وقف کر دی۔ اٹل جی ایک بہترین مقرر اور اچھے شاعر تھے۔ ان کی شخصیت اور قیادت نے ملک کی ہمہ گیر ترقی کی راہ ہموار کی۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا کہ اٹل جی نے بی جے پی کا قیام کر کے قومی مفاد اور ثقافتی قوم پرستی کو مقدم رکھنے والی مثال پیش کی۔ اٹل جی کی قیادت میں، این ڈی اے حکومت نے ایک ایسا ماڈل پیش کیا جس میں وراثت اور سائنس کو مربوط کیا گیا، اور جوہری طاقت والا ہندوستان ان کی مضبوط پالیسی کا نتیجہ ہے۔
بی جے پی کے قومی ایگزیکٹو صدر نتن نوین نے ایک بیان میں کہا کہ اٹل جی اقدار پر مبنی سیاست اور نظریاتی وابستگی کے ستون تھے۔ انہوں نے جمہوریت کو مکالمے کا کلچر دیا اور عوامی خدمت کو آئیڈیل بنایا۔ ان کی زندگی ملک کی ہمہ جہت ترقی کے لیے مشعل راہ ہے۔ نتن نوین نے ہم وطنوں کو بھی گڈ گورننس ڈے کی بھی مبارکباد دی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد