
پٹنہ، 22 دسمبر (ہ س) ۔دہلی کے رام لیلا میدان میں کانگریس کی ریلی کے دوران ’’مودی، تیری قبر کھودیگی‘‘ کے نعرے کو لے کر پٹنہ سول کورٹ میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، راجیہ سبھا کی رکن سونیا گاندھی، قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، لوک سبھا کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا اور جے پور، راجستھان کی مہیلا کانگریس کی صدر منجولتا مینا کو اس معاملہ میں نامزد کیا گیا ہے۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف اشتعال انگیز تقریریں کیں۔ پٹنہ ہائی کورٹ کے وکیل روی بھوشن ورما کی طرف سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ 14 دسمبر کو کانگریس نے دہلی کے رام لیلا میدان میں ووٹ چور گڈی چھوڑ ریلی کا انعقاد کیا۔ ریلی کے دوران کانگریس کے سینئرلیڈران نے اسٹیج سے خطاب کیا، جس کے دوران ’’مودی تیری قبر کھودی گی، آج نہیں تو کل‘‘ کا نعرہ لگایا گیا۔
شکایت کنندہ کا الزام ہے کہ ریلی میں ہندوستان کے وزیر اعظم کے خلاف اشتعال انگیز اور توہین آمیز نعرے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ یہ ایک مجرمانہ فعل ہے، اور کانگریس کے کسی سینئرلیڈر نے افسوس کا اظہار بھی نہیں کیا۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ اس پلیٹ فارم نے ملک دشمن عناصر کو اکسایا اور ملک کے اعلیٰ ترین جمہوری عہدے پر فائز شخص کے خلاف نفرت انگیز اور اشتعال انگیز زبان استعمال کی، یہ سبھی تعزیرات ہند کی دفعہ 351(3)، 352، اور 3(5) کے تحت جرائم ہیں۔ عدالت منگل کو مقدمہ کی سماعت کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan