
نوادہ، 20 دسمبر (ہ س)۔بہار میں نوادہ ضلع کے بوڑھیا ساکھ گاؤں کے قریب جنگلی علاقہ میں ہفتہ کے روز محکمہ جنگل کی ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کھیر کی لکڑی کی غیر قانون اسمگلنگ کاانکشاف کیا ہے۔ لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی قبضے میں لے لی گئی۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اشوک لی لینڈ کے ایک ٹرک (نمبری پی 32 یو این 2609) سے بڑی مقدار میں کھیر کی لکڑی قبضے میں لے لی گئی۔ ٹرک ڈرائیور اورخلاصی سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔فاریسٹ ایریا آفیسر نارائن لال سیوک نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ بوڑھیا ساکھ جنگل میں کھیر کے درختوں کو غیر قانونی طور پر کاٹا جا رہا ہے اور اسے اتر پردیش کے رجسٹریشن نمبر والے ٹرکوں پر لادا جا رہا ہے۔ اطلاع کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر ایک خصوصی چھاپہ ماری ٹیم تشکیل دی گئی۔ فارسٹر آدرش کمار کو اس ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی۔ تشکیل شدہ ٹیم نے جنگل کے علاقے میں پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تین ا سمگلروں کو ٹرک میں کھیر کی لکڑی لادتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ٹرک ڈرائیور اور خلاصی کو بھی موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ٹرک کے علاوہ ایک موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی جس کے بارے میں شبہ ہے کہ اسمگلنگ میں استعمال ہوتا تھا۔محکمہ جنگلات کے حکام نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ کھیر کی لکڑی غیر قانونی طور پر جنگل سے کٹائی گئی تھی اور اسے منتقل کیا جا رہا تھا۔ ضبط شدہ لکڑی کی مقدار کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ اس سمگلنگ کے پیچھے گروہ اور نیٹ ورک کا پردہ فاش کرنے کے لیے تمام ملزمین سے پوچھ گچھ جاری ہے۔چھاپہ ماری ٹیم میں فارسٹ گارڈ رنویر یادو، سنجیو کمار، پرہلاد کمار، رنجن کمار، سنجے کمار، اور کئی دیگر جنگلات کے اہلکار شامل تھے۔ محکمہ جنگلات نے واضح کیا ہے کہ جنگلاتی وسائل کی غیر قانونی کٹائی اور اسمگلنگ کے خلاف مہم بھرپور طریقے سے جاری رہے گی۔ ملزمین کے خلاف فاریسٹ ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan