
حیدرآباد، 20 دسمبر (ہ س)۔تلنگانہ حکومت نے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت سعودی عرب میں پیش آئے افسوسناک بس حادثے کے متاثرین کے لیے مالی امداد کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلی آفس کی جانب سے جاری پریس نوٹ کے مطابق یہ حادثہ 17 نومبر 2025 کو مکہ اور مدینہ کے درمیان پیش آیا تھا، جس میں متعدد افراد جاں بحق اور کئی شدید زخمی ہوئے تھے۔ریاستی حکومت نے اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ اور شدید زخمی افراد کے لیے 3 کروڑ 7 لاکھ 25 ہزار 781 روپے کی ایکس گریشیا رقم منظور کی ہے۔ یہ امدادی رقم وزیر اعلی ریلیف فنڈ سے جاری کی جائے گی، جس کی ہدایت خود ریونت ریڈی نے دی ہے۔
حکام کے مطابق منظور شدہ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا، فاطمہ میدان برانچ حیدرآباد میں قائم تلنگانہ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر کے سیونگس اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی، تاکہ متاثرہ خاندانوں تک امداد بروقت اور منظم طریقے سے پہنچائی جا سکے۔اس ایکس گریشیا رقم میں سعودی عرب روانہ کیے گئے اعلیٰ سطحی وفد کے سفر کے اخراجات اور متاثرین کے دو رشتہ داروں کے سفر اور دیگر معاون سہولتوں کے اخراجات بھی شامل کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلی آفس نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ تمام ضروری رسمی کارروائیاں جلد مکمل کر کے فائل کو حتمی منظوری کے لیے دوبارہ وزیر اعلی کے سامنے پیش کیا جائے، تاکہ امدادی رقم کی اجرائی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔تلنگانہ حکومت کا یہ اقدام بیرونِ ملک پیش آنے والے اس المناک حادثے میں متاثر ہونے والے خاندانوں کے لیے ایک بڑا سہارا ثابت ہوگا اور یہ اس بات کا مظہر ہے کہ ریاستی حکومت ہر مشکل گھڑی میں اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق