جموں و کشمیر میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی
جموں, 20 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں سردی کی شدت بدستور برقرار ہے۔ جمعہ کی رات خطے کے بیشتر حصوں میں بادلوں کی اوٹ اور وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی
Weather


جموں, 20 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں سردی کی شدت بدستور برقرار ہے۔ جمعہ کی رات خطے کے بیشتر حصوں میں بادلوں کی اوٹ اور وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔اگرچہ بعض مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم وادی کشمیر اور جموں کے کئی علاقوں میں سرد موسم کی سختی برقرار رہی، جبکہ لداخ میں شدید سردی کے باعث درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے کافی نیچے چلا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، وادی کشمیر میں رات کے وقت سردی کی لہر نمایاں رہی۔ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قاضی گنڈ اور پہلگام میں درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سیلسیس رہا۔ کپواڑہ میں منفی 0.7، کوکرناگ میں 0.8 اور گلمرگ میں 2.0 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔

جموں خطے میں موسم نسبتاً معتدل رہا۔ جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 9.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، بانہال میں 3.8، بٹوت میں 9.3 اور کٹرا میں 10.0 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ بھدرواہ میں 4.4، کٹھوعہ میں 8.8 اور جموں ایئرپورٹ پر 11.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔ ادھم پور میں 4.0، رام بن میں 6.5، سانبہ میں 5.6 اور راجوری میں 3.8 ڈگری سیلسیس رہا، جبکہ کشتواڑ اور ریاسی میں بالترتیب 8.3 اور 8.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔

لداخ میں شدید سردی کا راج رہا، جہاں لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کرگل اور نوبرا ویلی کے درجہ حرارت کے اعداد و شمار دستیاب نہیں ہو سکے۔محکمہ موسمیات اور ماہرین نے بالائی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے، کیونکہ متوقع تازہ برفباری کے باعث سڑکوں کی آمدورفت اور روزمرہ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 20 دسمبر کی شام سے 23 دسمبر تک جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande