
ایچ آئی وی سے متاثر مریضوں کو اب علاج کے لیے طویل سفر نہیں کرنا پڑے گاپٹنہ، 20 دسمبر(ہ س)۔2025بہار میں ایچ آئی وی سے متاثرہ لوگوں کو اب علاج، ادویات اور مشاورت کے لیے طویل سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ ریاستی حکومت سال کے آخر تک بہار میں پانچ نئے اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی (اے آر ٹی) مراکز کھولنے والی ہے۔ اس سے ریاست میں اے آر ٹی مراکز کی کل تعداد 34 ہو جائے گی۔ اس اقدام سے ہزاروں مریض اپنے ہی ضلع یا قریبی بڑے طبی ادارے میں باقاعدہ علاج تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ فی الحال، بہار کے 26 اضلاع میں 29 اے آر ٹی سنٹر کام کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود کئی اضلاع کے مریضوں کو علاج کے لیے دوسرے اضلاع کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ اس کی روشنی میں بہار اسٹیٹ ایڈز کنٹرول کمیٹی نے ریاست کے ہر ضلع میں اے آر ٹی سنٹر کھولنے کا ہدف مقرر کیا ہے، تاکہ متاثرہ افراد کو دوائیوں اور رہنمائی کے لیے غیر ضروری طور پر ادھر ادھر نہ بھاگنا پڑے۔ریاست میں سال2021 سے اب تک 15 نئے اے آر ٹی مراکز کھولے گئے ہیں، جس سے کل تعداد 29 ہو گئی ہے۔ اے آر ٹی مراکز والے اضلاع میں پٹنہ، کٹیہار، پورنیہ، کھگڑیا، بیگوسرائے، دربھنگہ، مدھوبنی، سپول، موتیہاری، سیتامڑھی، آرا، چھپرا، جموئی، مونگیر،بھاگلپور،بانکا، مظفر پور،بتیا ، ویشالی ، سمستی پور، نالندہ، گیا، اورنگ آباد، اور روہتاس۔ دریں اثنا، ارریہ، مدھے پورہ، سہرسہ، لکھی سرائے، شیخ پورہ، نوادہ، شیوہر اور جہان آباد جیسے اضلاع میں فی الحال لنک اے آر ٹی سنٹرس کے ذریعے مریضوں کو علاج اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔انفیکشن کی صورتحال اور مریضوں کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی نے مالی سال2025-26 کے اختتام تک پانچ نئے اے آر ٹی سنٹر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مراکز آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (AIIMS) پٹنہ، اندرا گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (IGIMS) پٹنہ، نالندہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل (NMCH) پٹنہ، ESIC میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال بہٹا، اور ماتا گجری میموریل میڈیکل کالج اور ایل ایس کے ہسپتال کشن گنج میں قائم کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر راجیش سنہا، ڈپٹی ڈائریکٹر، کیئر، سپورٹ اینڈ ٹریٹمنٹ، بہار اسٹیٹ ایڈز کنٹرول کمیٹی کے مطابق حکومت ریاست کے تمام اضلاع میں اے آر ٹی سنٹر کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ مالی سال کے آخر تک پانچ نئے مراکز کام شروع کر دیں گے۔ ان اضلاع میں جلد ہی مکمل اے آر ٹی سنٹرز کھولنے کی تیاریاں جاری ہیں جو فی الحال لنک اے آر ٹی مراکز کے ذریعہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan