
علی گڑھ،20 دسمبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)میں ڈاکٹروں نے ایک نہایت پیچیدہ سرجری انجام دے کرایک خاتون مریضہ کو نئی زندگی عطا کی ہے۔یہ کامیاب سرجری مغربی اتر پردیش میں اپنی نوعیت کی پہلی سرجری ہے۔
غورطلب ہے کہ مذکورہ سرجری کارڈیو تھوریسک اینڈ ویسکولر سرجری شعبہ، شعبہ مڈیسن، شعبہ جراحی اور اینستھیزیا کی ماہر ٹیم کے باہمی اشتراک سے انجام دی گئی۔ اس مشکل آپریشن میں مریضہ کے پیٹ اور جگر کی خراب اور ناکارہ نسوں کو ہٹا کر ان کی جگہ مصنوعی نس( آرٹیفیشل وین) لگائی گئی، جسے براہِ راست دل سے جوڑا گیا۔اس موقع پر سرجری ٹیم کی قیادت کرنے والے پروفیسر ڈاکٹر اعظم حسین اور پروفیسر ڈاکٹر صادق اختر نے بتایا کہ مریضہ ایک عرصے سے شدید پیچیدگیوں میں مبتلا تھی اورعام طریقہ علاج سے افاقہ ممکن نہیں تھا۔ ایسی صورتِ حال میں جدید طبی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے یہ نایاب سرجری ہی واحد مؤثر راستہ تھی، جو کامیابی کے ساتھ مکمل کی گئی۔ڈاکٹروں کے مطابق اس آپریشن کے بعد مریضہ کی حالت اب مستحکم ہے اور تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی سے نہ صرف مریضہ کو نئی زندگی ملی ہے بلکہ جے این ایم سی کی طبی مہارت اور جدید سہولیات کا بھی عملی ثبوت سامنے آیا ہے۔طبی ماہرین نے اس کامیاب سرجری کو مغربی اتر پردیش کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے آئندہ ایسے پیچیدہ مریضوں کے علاج کے لیے نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ مریضہ کے اہلِ خانہ نے ڈاکٹروں اور پورے میڈیکل اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے اپنے لیے کسی معجزے سے کم قرار نہیں دیا۔مذکورہ کامیاب سرجری کی ٹیم میں پروفیسر اعظم حسین،پروفیسر صادق اختر،ڈاکٹر حسین حیدر،ڈاکٹر شماعیل ربانی،ڈاکٹر محمد عامر ،ڈاکٹر ندیم راجا کے نام شامل ہیں جبکہ نرسنگ اسٹاف میں عمران ،رنکو، کیلاش اور ندیم نے مریض کی تیمارداری میں اہم رول ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ